جمہوریت ایک منصفانہ اور جامع معاشرے کی بنیادہے،صدرزرداری

15 ستمبر ، 2024

اسلام آ باد ( نمائندہ خصوصی،نیوز رپورٹر)صدر آصف علی زرداری نے جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے، ضروری اصلاحات لانے اور پاکستان میں جمہوریت کو مستحکم کرنے کے لئے اجتماعی طور پر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے، انہوں نے جمہوریت کو ایک منصفانہ اور جامع معاشرے کی بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ قوم کو درپیش موجودہ چیلنجز کا حل ایک مضبوط اور متحرک جمہوری عمل میں پوشیدہ ہے عالمی یوم جمہوریت کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ مصنوعی ذہانت شفافیت، احتساب اور انتظام عامہ کی کارکردگی بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے جبکہ یہ ڈیٹا پر مبنی معلومات فراہم کر کے ووٹرز کی جمہوری عمل تک رسائی بہتر بناتی ہےصدرنے پارلیمنٹ کے کردار کو جمہوریت کے تحفظ، عوامی مسائل کے حل اور جامع پالیسیوں کی تشکیل میں کلیدی حیثیت قرار دیااور کہاہمارا مستقبل جمہوری اداروں کو مضبوط کرنے اور اس بات کو یقینی بنانے کی اجتماعی کوششوں پر منحصر ہے کہ جمہوریت آنیوالی نسلوں کے لئے پھلتی پھولتی رہے بنیادی حقوق کا تحفظ اور تمام شہریوں کی سیاسی، معاشی اور سماجی شمولیت جمہوریت کی اساس ہے، شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو نے پاکستان میں جمہوریت کی بحالی اور استحکام میں کلیدی کردار ادا کیا انکی میراث جمہوری اقدار کی بقا کی جدوجہد کی ایک مسلسل یاد دہانی ہے،جمہوریت کے ذریعے پاکستان سماجی و اقتصادی انصاف، مساوات، قانون کی حکمرانی اور اظہار رائے کی آزادی یقینی بنا سکتا ہے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم انسانی معاشرے کی بنیادی اور اہم قدر کے طور پر جمہوریت کی مضبوطی اور فروغ کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں آج دنیا بھر میں جمہوریت کا عالمی دن منایا جا رہا ہے اس موقع پر ہم جمہوریت کی مضبوطی اور فروغ کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں ہماری حکومت کا آئینی اقدار کی پاسداری، جمہوریت، قانون کی حکمرانی اور انسانی حقوق کے تحفظ کا عزم غیر متزلزل ہےان جمہوری اقدار پر عملدرآمد ہمارے قومی طرز عمل کی عکاسی کرتا ہےآئیں آج کے دن ہم ایسے عالمی معاشرے کے قیام کی کوششیں جاری رکھنے کا عزم کرتے ہیں جو منصفانہ، مساوی اور جامع ہو، باہمی تعاون سے ہی ہم جمہوریت کی بنیادوں کو مضبوط کرکے یہ یقینی بنا سکتے ہیں کہ یہ امید کی کرن کیساتھ ساتھ آئندہ نسلوں کی ترقی کا پیش خیمہ ثابت ہو۔