جسٹس طارق جہانگیری کیخلاف مہم پر توہینِ عدالت کیس کی کازلسٹ منسوخ

15 ستمبر ، 2024

اسلام آباد (جنگ رپورٹر)جسٹس طارق جہانگیری کیخلاف مہم پر توہینِ عدالت کیس کی کازلسٹ منسوخ ، اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیر سماعت جسٹس طارق محمود جہانگیری کے خلاف بدنیتی پر مبنی مہم پر توہینِ عدالت کیس کی کازلسٹ منسوخ کردی گئی۔ 19 ستمبر کو بنچ کی عدم دستیابی کے باعث توہینِ عدالت کیس کی سماعت نہیں ہوسکے گی۔ ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے کیس 10 اکتوبر کو دوبارہ سماعت کیلئے مقرر کر دیا۔ چیف جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں سات رکنی فل کورٹ بنچ کیس کی سماعت کریگا۔ جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب، جسٹس بابر ستار، جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان، جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز بنچ کا حصہ ہوں گے۔ عدالت نے غریدہ فاروقی، حسن ایوب اور عمار سولنگی کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کر رکھا ہے، عدالت نے پیمرا، پی ٹی اے اور ڈی جی ایف آئی اے کو نوٹس جاری کر رکھا ہے جبکہ ڈی جی ایف آئی اے، پیمرا اور پی ٹی اے کو چار ہفتوں میں رپورٹس جمع کرانے کا حکم دے رکھا ہے۔ عدالت نے کردار کشی مہم چلانے اور مواد شیئر کرنے والے افراد کی نشاندہی کرنے کا حکم دیا تھا۔