وزیراعظم کی منظوری سے آج پٹرولیم قیمتوں میں کمی کا اعلان ہو گا

15 ستمبر ، 2024

اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد) وزیراعظم شہباز شریف کی منظوری سے آج رات پٹرولیم اور اسکی مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی جائے گی۔ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے یکم ستمبر سے 14ستمبر تک کروڈ آئل کی بین الاقوامی قیمتوں میں 8سے 12روپے تک کمی کے مطابق کیلکولیشن کر کے وزارت پٹرولیم کی مشاورت سے وفاقی وزارت خزانہ کو انٹرنیشنل قیمتوں میں کمی کے تناسب سے چھ سے دس روپے کمی کی سمری بھجوائی ہے۔ وفاقی وزارت خزانہ نے چونکہ 25ستمبر کو آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس سے سٹاف لیول مفاہمت کو معاہدے کی شکل دلانا ہے اسلئے شہباز شریف حکومت آئی ایم ایف کی شرائط اگرچہ کڑی ہیں اسکے باوجود آج اتوار کو رات گئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 6سے 12فیصد کمی کرنے کی بجائے حکومتی ریونیو زیادہ بتانے کیلئے دو سے پانچ روپے تک پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی امکانی طور پر کرینگے۔ پاکستان پٹرولیم ایسوسی ایشن کے سیکرٹری یاسر رضا چوہدری نے جنگ کو بتایا کہ انٹرنیشنل مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت اپریل 2024ء میں 90ڈالر فی بیرل رہی جو کہ اب ستمبر میں کم ہو کر کم و بیش 70ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے جو کہ گزشتہ 6ماہ کی کم ترین قیمت ہے۔ اس طرح اپریل سے ستمبر تک انٹرنیشنل مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں کم و بیش 20ڈالر فی بیرل کم ہو گئی ہیں۔