حکومت الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کیلئے ترجیحی اقدامات کر رہی ہے، وزیراعظم

15 ستمبر ، 2024

اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بجلی سے چلنے والی گاڑیوں سے نہ صرف پٹرول اور ڈیزل کی درآمد کی مد میں قیمتی زر مبادلہ کی بچت ہو گی بلکہ یہ گاڑیاں ماحول دوست بھی ہونگی ، ملک میں بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کے فروغ کیلئے حکومت ترجیحی اقدامات اٹھا رہی ہے، وزیراعظم نے الیکٹرک وہیکلز کے حوالے سے ایک جامع فنانشل ماڈل پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت الیکٹرک وہیکلز (بجلی سے چلنے والی گاڑیوں) کے استعمال کے حوالے سے اجلاس وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا ۔ اس موقع پر اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کے فروغ کیلئے حکومت ترجیحی اقدامات اٹھا رہی ہے۔وزیراعظم نے الیکٹرک وہیکلز کے حوالے سے ایک جامع فنانشل ماڈل پیش کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے اس حوالے سے وفاقی وزارت خزانہ اور اسٹیٹ بنک آف پاکستان سے مشاورت کی بھی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ای-وہیکلز پالیسی اس سال نومبر تک مکمل کی جائے۔