آئینی ترامیم، ایوانوں میں نمبرز پورے،مطمئن ہیں،عرفان صدیقی

15 ستمبر ، 2024

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے رہنما سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ آئینی ترامیم کیلئے دونوں ایوانوں میں ہمارے نمبرز پورے ہیں ہم مطمئن ہیں، پی ٹی آئی کے 41میں سے کچھ ارکان نے اپنی پارٹی وابستگی ظاہر نہیں کی ہے، ان آئینی ترامیم کا منبع اور ماخذ میثاق جمہوریت ہے، پی ٹی آئی کے رہنما سینیٹر علی ظفر نے کہا کہ اب گنتی کا کھیل ختم ہوگیا ہے، حکومت ایمرجنسی میں آئینی ترامیم لانے کی کوشش کررہی ہے،ان کو جلدی اس لیے ہے کہ کچھ عدالتی فیصلے تبدیل کرانا چاہتے ہیں، یہ آئینی ترامیم کر کے سپریم کورٹ کو کنٹرول کرنا چاہتے ہیں ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔ ن لیگ کے رہنما سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ پارلیمنٹ میں آج آئینی ترامیم پیش نہ ہونا ہمارے لیے سرپرائز نہیں تھا، ہمیں کل شام ہی آفیشلی اطلاع مل گئی تھی کہ آج پارلیمنٹ کے اجلاس میں ترامیم نہیں آئیں گی، آج پارلیمنٹ میں سرگرمی کا مقصد اپنے ارکان کو فعال رکھنا تھا، امکانی طورپر آئینی ترامیم کل کابینہ سے منظوری کے بعد قومی اسمبلی اور سینیٹ میں پیش کردی جائیں گی۔