میلسی، پی ٹی آئی کے ایم این اے اورنگزیب کھچی سےمتعلق مختلف قیاس آرائیاں

15 ستمبر ، 2024

میلسی(نامہ نگار) میلسی سے تحریک انصاف کے ایم این اے محمد اورنگزیب خان کھچی کے بارے میں مختلف قیاس آرائیاں گردش کرنے لگیں، بعض حلقوں نے اورنگزیب خان کھچی کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ وہ حکومت کی مجوزہ آئینی ترمیم میں پی ٹی آئی کے پانچ منحرف اراکین اسمبلی میں شامل ہیں اور مبینہ طور پر آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دیں گے جب کہ دوسری جانب ان کے قریبی ذرائع نے اس سلسلے میں موقف اختیار کیا ہے کہ رکن قومی اسمبلی گزشتہ کئی روز سے غائب ہیں اور ان کا خاندان سے کوئی رابطہ نہیں جب کہ تحریک انصاف کی مرکزی رہنما اور پارلیمانی لیڈر ایم این اے زرتاج گل وزیر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے پارٹی کے ایم این اے اورنگزیب خان کھچی کو تین روز قبل اغوا کر لیا گیا ہے اور اسلام آباد جلسے کے بعد ان سے کوئی رابطہ نہیں اور ان کے خاندان کو بھی مسلسل دھمکیاں دی جا رہی ہیں، واضح رہے کہ کھچی برادران 8فروری کے انتخابات میں پی ٹی آئی کی حمایت سے ایم این اے اور ایم پی اے منتخب ہوئے اور بعد ازاں پارٹی تبدیل کرنے کے لیے ان پر مسلسل دباؤ رہا اور ان پر سرکاری زمینوں پر قبضے کی ایک ایف ائی آر بھی اینٹی کرپشن میں درج کی گئی جس کے بعد سے دونوں بھائی مسلسل حلقے سے غائب ہیں اور ان کا اپنے کسی ووٹر، سپورٹر سے رابطہ تک نہیں۔