ناٹنگھم میں افسوسناک حادثہ، گھر کی کھڑکی سے گرکر 8 سالہ لڑکا ہلاک

20 ستمبر ، 2024

لندن (پی اے) ناٹنگھم کے علاقے شیرووڈ میں کواسٹاک ایونیو میں افسوسناک حادثے میں گھر کی کھڑکی سے گر کر8سالہ لڑکا ہلاک ہوگیا۔ پولیس کے مطابق 19:15 پر مڈلینڈ ایمبولنس سروس نے شیرووڈ میں کواسٹاک ایونیو میں پولیس کو طلب کیا، لڑکے کو شدید زخمی حالت میں کوئنز میڈیکل سینٹر لے جایا گیا لیکن لڑکا زخموں کی تاب نہ لا کر ہلاک ہوگیا ۔ناٹنگھم شائر پولیس نے چیف انسپکٹر جون اسکر نے کہا ہے یہ ایک المناک موت ہے، ہماری دلی ہمدردیاں اور دعائیں سوگوار فیملی اور اس کے پیاروں کے ساتھ ہیں۔ انھوں نے کہا کہ جن لوگوں نے ہمیں اطلاع دی ہم ان کے شکرگزار ہیں اور جو لوگ اس بارے میں کچھ جانتے ہیں اور انھوں نے ابھی تک پولیس سے رابطہ نہیں کیا ہے، ہم ان سے درخواست کریں گے کہ وہ جلد از جلد ہم سے رابطہ کریں۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں یہ معلوم ہے کہ اس طرح کے واقعات سب ہی کیلئے بہت ہی افسوسناک ہوتے ہیں، اگر آپ کو کسی طرح کی طبی امداد کی ضرورت ہے یا آپ سمجھتے ہیں کہ کسی اور کو اس کی ضرورت ہے تو وہ این ایچ ایس کی ویب سائیٹ پر رابطہ کریں یا 111 پر رابطہ کریں۔ پولیس موقع پر موجود ہے اور واقعے کی تفتیش کررہی ہے۔