پشاور(صباح نیوز) پشاور ہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں قومی احتساب بیورو (نیب)کو جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی۔ گزشتہ روز کو پشاور ہائی کورٹ میں وزیراعلیٰ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت ہوئی۔دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ 3 نومبر 2023 کو نیب کی جانب سے علی امین گنڈا پور کو نوٹس بھیجا گیا لیکن نیب کے نوٹس میں جرم کی وضاحت نہیں کی گئی، صرف جائیداد کی تفصیلات مانگی گئی ہیں۔وکیل نے کہا کہ 24 نومبر کو ان کو دوبارہ نوٹس بھیجا گیا جو کہ بدنیتی پر مبنی ہے، نیب کے قانون کے مطابق نوٹس میں جرم اور مانگی گئی تفصیلات کا ذکر ضروری ہے۔وکیل درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ جس وقت نوٹس دیا گیا،علی امین گنڈاپور اس وقت وفاقی وزیر تھے، نیب قوانین کے مطابق گواہی دینے والے افراد کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔وکیل نے استدعا کی کہ نیب کی جانب سے دو نوٹس کو غیر قانونی قرار دیا جائے اور ہر قسم کی کارروائی سے روکا جائے، علی امین گنڈاپور کے والد، بھائیوں اور خاندان کے دیگر افراد کو بھی نوٹس جاری کیا گیا۔چیف جسٹس پشاور ہارئی کورٹ نے استفسار کیا کہ سپریم کورٹ کے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کے فیصلے کے بعد اس کیس پر کیا اثر پڑے گا، عدالت نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق نیب کو موجود کیس کا جائزہ لینے کا حکم دے دیا۔بعد ازاں عدالت نے نیب کو سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق جواب جمع کرنے کی ہدایت کردی۔