سب کی نظریں الیکشن کمیشن پر، کوئی سرپرائز سامنے آ سکتا ہے

20 ستمبر ، 2024
انصار عباسی
اسلام آباد ......: الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے حیران کن اقدام سامنے آ سکتا ہے کیونکہ اس وقت وہ سپریم کورٹ کے 8؍ ججز کی حالیہ وضاحت کے معاملے سے نمٹنے کیلئے وسیع ترین بحث و مباحثے اور مشاورت میں مصروف ہے۔ یہ بحث و مباحثہ کمیشن کے اپنے آئینی اور قانونی اختیارات،پارلیمنٹ کی جانب سے کی جانے والی الیکشن ایکٹ میں حالیہ ترامیم اور قانونی ماہرین کے مشورے پر کیا جا رہا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی اور نون لیگ کے ارکان قومی اسمبلی نے بھی الیکشن کمیشن کو ایسا مواد فراہم کیا ہے جو سپریم کورٹ کے 8؍ ججز کی الیکشن کمیشن سے کی جانے والی توقع کے برعکس الیکشن کمیشن کو تقویت دے گا۔ موجودہ حالات میں یہ سارا معاملہ پارلیمنٹ میں نمبر گیم کا ہے۔ ایک ایسے وقت میں جب حکومت آئینی ترامیم کیلئے تیار تھی، 8؍ ججز نے خصوصی نشستوں کے حوالے سے اپنے 12 جولائی کے حکم کے حوالے سے وضاحت جاری کی۔