روس کیساتھ تجارتی سیکورٹی تعاون بڑھانے کے خواہاں، صدر

20 ستمبر ، 2024

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ روس کے ساتھ تجارتی ، سیکورٹی تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے روس کے نائب وزیراعظم الیکسی اوور چک سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتوں میں کیا ۔ اس موقع پر تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، آئی ٹی، زراعت ودیگر شعبوں میں تعاون کیلئے ایم او یو پر دستخط کئے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور روس نے دو طرفہ تعلقات کو مستحکم کرنے کے لیے تجارت واقتصادی تعلقات میں توسیع اور علاقائی روابط کو بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے زراعت ، غذائی تحفظ، کاروبار، تعلیم، ریلوے، سائنس ، ٹیکنالوجی اور عوامی سطح پر مضبوط رابطوں کے فروغ جیسے کلیدی شعبوں میں باہمی طور پر مفید تعاون بڑھانے کی اہمیت پر بھی زور دیا ہے ۔اس بات کا اظہار صدر مملکت آصف علی زردار ی اور روس کے نائب وزیراعظم الیکسی اوورچک کے درمیان ایوان صدر میں ملاقات میں کیا گیا صدر نے دو ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مستحکم کرنے کے لیے بارٹر تجارت کے امکانات پر غور کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے ویزا کے ضوابط کو آسان بنانے ، ریلوے اور براہ راست پروازوں کے ذریعے روابط بڑھانے کی ضرورت پر بھی بات چیت کی تاکہ لوگوں اور کاروباری رابطوں کو فروغ دیا جا سکے۔ملاقات کے دوران بتایا گیا کہ زرعی شعبے میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کی بڑی گنجائش موجود ہے، اکتوبر میں پاکستان سے 75 رکنی کاروباری وفد روس کا دورہ کرے گا تاکہ کاروبار اور اقتصادی تعاون کے مواقع تلاش کیے جا سکیں۔روس کے نائب وزیراعظم الیکسی اوورچک نے کہا کہ روس غذائی تحفظ، سائنس اور ٹیکنالوجی، تعلیم، روابط اور ریلوے کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو بہتر بنانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اکتوبر میں روسی وزیراعظم کا پاکستان کا دورہ دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کا ایک اور موقع فراہم کرے گا۔