چار سال میں 100 ارب ڈالر قرض کی ادائیگیاں کرنی ہیں، حکومت

20 ستمبر ، 2024

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وزیرمملکت خزانہ علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ اگلے چار سال میں 100 ارب ڈالر قرض کی ادائیگیاں کرنی ہیں، قرضوں کی واپسی اور بیرونی فنانسنگ کا انتظام کرنا ہوگا۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس کمیٹی کے چیئرمین سید نوید قمر کی زیر صدارت ہوا، وزارت خزانہ کے حکام نے قائمہ کمیٹی کو آئندہ کے روڈ میپ سے آگاہ کر دیا اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ان کیمرہ اجلاس میں نئے قرض پروگرام کی کڑی شرائط اور درکار فنانسنگ سے آگاہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ IMF کی شرائط پوری کرینگے تو قسط جاری ہو گی، مجوزہ نئے بیل آؤٹ پیکیج سے بھی بیرونی مالی مشکلات کم نہیں ہونگی، کمیٹی کو بتایا گیا کہ پاکستان کو اگلے چار سال کے دوران 100 ارب ڈالر کی بیرونی فنانسنگ کا انتظام کرنا ہوگا، زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری کے باوجود پاکستان کا بیرونی کھاتہ غیر محفوظ ہے اور 2027 تک 12 ارب ڈالر کی اضافی فنانسنگ درکار ہے، 7 ارب ڈالر عالمی مالیاتی دارہ (آئی ایم ایف) فراہم کرے گا اور مزید 5 ارب ڈالر کا انتظام کمرشل بینکوں سمیت دیگر ذرائع سے کیا جائے گا۔