وزیر اعظم کا دورہ اقوام متحدہ، مصروفیات اور وفد میں تبدیلیاں

20 ستمبر ، 2024

اقوام متحدہ(عظیم ایم میاں) وزیر اعظم شہباز شریف کے دورہ اقوام متحدہ کے دوران انکی مصروفیات اور ان کی قیادت میں آنے والے وفد میں تبدیلی کا عمل جاری ہے۔ معتبر ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ اورنگزیب بھی وفد میں شامل ہونگے۔ جبکہ انڈسٹریز کے وزیر رانا تنویر بھی وفد کا حصہ ہونگے۔ وزیر اطلاعات اعظم تارڑ 22 ستمبر کو نیویارک پہنچ جائیں گے جبکہ ڈپٹی پرائم منسٹر اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی کمرشل فلائٹ سے وزیر اعظم کی آمد سے ایک روز قبل 22 ستمبر کو نیو یارک آئینگے۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم 26،ستمبر کو پاکستان بزنس کونسل سے بھی خطاب کریں گے اور اسی روز امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ اور امریکی نیوز ایجنسی کو انٹرویوز بھی دینگے۔ اس کے علاوہ 27 ستمبر کو جنرل اسمبلی سے خطاب کے بعد اقوام متحدہ میں ایک پریس کانفرنس کے انتظامات و انعقاد کی کوشش بھی جاری ہے۔