وفاقی حکومت نے پنشن میں سالانہ اضافہ کو مہنگائی کی شرح سے منسلک کردیا

20 ستمبر ، 2024

اسلام آباد (رانا غلام قادر) وفاقی حکومت نے پنشن اصلاحات کی پالیسی کے تحت ایک اہم فیصلہ کیا ہے اور پنشن میں سالانہ اضافہ کو مہنگائی کی شرح سے منسلک کردیا ہے۔ یہ فیصلہ پے اینڈ پنشن کمیشن کی سفارش پرکیا گیا ہے۔ فنانس ڈویژن کے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق پنشن میں سالانہ اضافہ اب گزشتہ دو برسوں کے افراط زر کی 80فیصد اوسط کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ اس مقصد کیلئے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ سالانہ کنزیومر پرائس انڈکس (CPI)کو بنیاد یا ریفرنس بنایا جائے گا۔ یہ حکم فوری طور پر نافذ العمل تصور کیا جائے گا۔ ماہرین نے اس فیصلہ کو خوش آئند قرار دیا ہے۔