کراچی، استرکاری شروع، ایک دو ماہ میں تمام سڑکیں ٹھیک، وزیر بلدیات

20 ستمبر ، 2024

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ بارشوں کے بعد سڑکوں کی استرکاری کے کام کا آغاز کردیا گیا ہے ایک سے دو ماہ میں تمام سڑکوں کو ٹھیک کردیا جائے گا کچھ کنٹریکٹرز کو ماضی میں خراب کام پر انہیں بلیک لسٹ بھی کیا گیا ہے اور ہمارے کچھ انجینئرز کے خلاف بھی کارروائی کی جارہی ہے۔ کے ایم سی کی 100 سے زائد سڑکوں کے لئے سندھ حکومت ڈیڑھ ارب روپے ادا کرے گی ٹاوئنز کو بھی ارب روپے دئےجائیں گے۔ ہمارے مخالفین عوام میں یہ تاثر پیدا کرنے کی سازش کررہے ہیں کہ پیپلز پارٹی صرف اپنے ہی علاقوں میں کام کروا رہی ہے جو سراسر غلط ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ سعید غنی نے کہا کہ جو سڑکیں خراب ہوئی ہیں ان کی مختلف وجوہات ہیں، صرف بارشوں کا سبب نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بار مون سون طویل رہا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے یہاں جیسے ہی پہلی بارش ہوتی ہے لوگ اپنے عام طور پر سیوریج کے مین ہول کے ڈھکن کھول دیتے ہیں تاکہ بارشوں کا پانی وہاں سے نکل جائے، اس سے ہوتا یہ ہے کہ سیوریج کی لائینیں اوور فلو ہوکر ان کا پانی سڑکوں پر آجاتا ہے۔