افغانستان کا جواب مسترد، مشاورت جاری، سفارتی محاذ پر کوئی قدم اٹھانے کا اختیار حاصل، ترجمان دفتر خارجہ

20 ستمبر ، 2024

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان نے افغان سفارتکاروں کے اس جواز کو مسترد کردیا ہے کہ وہ پشاور میں پاکستانی قومی ترانے کے احترام میں اس لیے کھڑے نہیں ہوئے کہ اس میں میوزک تھا۔ دفترخارجہ نے کہا ہےکہ مشاورت جاری، سفارتی محاذ پر کوئی بھی قدم اٹھانے کا اختیارحاصل، افغانستان سے سخت احتجاج ،لبنان میں سائبر حملے تشویشناک، مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد انتخابات ناقابل قبول، پاکستان اس معاملے پر کارروائی کا اختیار رکھتا ہے۔ تاہم ترجمان دفتر خارجہ نے یہ دعوے بھی مسترد کیے کہ افغان قونصل جنرل بغیر ویزے کے پشاور میں مقیم ہیں۔ اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ روس کے نائب وزیراعظم پاکستان کے سرکاری دورے پر ہیں،گزشتہ روز روس کے نائب وزیراعظم اور اسحق ڈار کی ملاقات ہوئی، دونوں وزرا کی جانب سے پاکستان اور روس کے درمیان تجارت، صنعت کے میدان کو مزید فروغ دینے ہر تبادلہ خیال کیا گیا۔