جنگ و جیو نیوز سکھر کے بیورو چیف چوہدری ارشاد خالق حقیقی سے جاملے

20 ستمبر ، 2024

سکھر (بیورو رپورٹ) روزنامہ جنگ / جیو سکھر کے بیورو چیف چوہدری محمد ارشاد گوندل طویل علالت کے بعد دار فانی سے رخصت ہوکر خالق حقیقی سے جا ملے۔ مرحوم نے زندگی کے 30برس تک شعبہ صحافت میں حق و سچ کی آبیاری کی، قلم کی حرمت کے پاسداری کو ہمیشہ اولین ترجیح دی۔ 20برس سے آپ جنگ جیو گروپ آف کمپنیز سے وابستہ تھے۔ مرحوم نے پسماندگان میں ایک بیوہ، ایک صاحبزادی اور 2صاحبزادے چھوڑے ہیں۔ مرحوم کے ہم عصر صحافیوں کا کہنا ہے کہ چوہدری ارشاد نے تقریباً 1994 میں میدان صحافت کا رخ کیا، اس سے قبل وہ ایک بہترین فٹبالر تھے اور ملکی سطح پر فٹبال بھی کھیلی ، چند برس تک ادویہ ساز کمپنی کے نمائندے بھی رہے۔مرحوم کی نماز جنازہ میں سیاسی، سماجی، مذہبی، تجارتی، صحافتی، وکلاء تنظیموں سمیت زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد، رشتہ داروں، عزیز و اقارب، دوست و احباب نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مرحوم کو نواں گوٹھ قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔