حزب اللہ کے میزائل حملے، دو اسرائیلی فوجی ہلاک، 9زخمی

20 ستمبر ، 2024

کراچی (نیوز ڈیسک) لبنان میں یکے بعد دیگر ہزاروں بم دھماکوں کے بعد حزب اللہ نے اسرائیل پر اینٹی ٹینک میزائلوں اور ڈرونز سے حملے کئے ہیں ، اسرائیلی میڈیا کے مطابق ان حملوں میں دو اسرائیلی فوجی ہلاک اور بارڈر پر تعینات 9فوجی اہلکار زخمی ہوگئے ۔ اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ صیہونی فورسز کے طیاروں نے لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے اور اس کے 30راکٹ لانچرز کو نشانہ بنایا ہے ۔ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کو بڑھانے والے کسی بھی اقدام کو روکنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔بلنکن نے اپنے فرانسیسی ہم منصب اسٹیفن سیجورن کے ساتھ پیرس میں بات چیت کے بعد کہا کہ "فرانس اور امریکا جب مشرق وسطیٰ میں عمومی طور پر اور خاص طور پر لبنان کی بات آتی ہے تو تحمل سے کام لینے اور کشیدگی میں کمی پر زور دینے کے لیے متحد ہیں۔