پولیو ورکر زیادتی کیس، متاثرہ خاتون کے شوہر سمیت تین ملزمان کا 11روزکا جوڈیشل ریمانڈ

20 ستمبر ، 2024

جیکب آباد (نامہ نگار) جیکب آباد، پولیو ورکر زیادتی معاملہ، متاثرہ خاتون کے شوہر سمیت تین ملزمان عدالت میں پیش، 11روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں زیادتی کا شکار پولیو ورکر عابدہ انڑ کو دھمکیاں دینے کے الزام میں گرفتار شوہر نصیر انڑ سمیت دیور بشیر احمد اور نظیر احمد کو سیکنڈ سول جج اور جوڈیشل مجسٹریٹ نثار شر کی عدالت میں پیش کیا گیا، پولیس نے عدالت سے ملزمان کے 11روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی عدالت نے پولیس کی استدعا کو رد کرتے ہوئے متاثرہ پولیو ورکر کے شوہر سمیت تینوں ملزمان کو 11روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کرنے کا حکم کردیا، واضح رہے کہ پولیو ورکر سے ہونے والی زیادتی کے واقعے کے بعد اس کے شوہر نے اس کو گھر نکال دیا تھا، 5روز قبل صدر تھانہ کی پولیس نے متاثرہ پولیو ورکر کو قتل کی دھمکیاں دینے کے الزام میں اس کے شوہر سمیت 3افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے گرفتار کیا گیا تھا۔