اسلام آباد ( طاہر خلیل ،نیوز ایجنسیاں) مخصوص نشستوں کے حصول کیلئے حکومت کی باہمت کوششیں جاری ‘ مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے چیف الیکشن کمشنرسکندرسلطان راجا کو خط لکھ کر ترمیم شدہ الیکشن ایکٹ کے تحت مخصوص نشستیں الاٹ کرنے کا مطالبہ کر دیا۔خط میں کہاگیاہے کہ الیکشن ایکٹ میں ترمیم کے بعد سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد نہیں ہوسکتا‘ترمیمی ایکٹ کے تحت کسی سیاسی جماعت میں شامل ہونے والا آزاد رکن اب پارٹی تبدیل نہیں کرسکتا‘الیکشن کمیشن پارلیمنٹ کے بنائے ہوئے قانون پر عملدرآمد کرے۔اسپیکر قومی اسمبلی کے بعدا سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے بھی الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیاجس میں مطالبہ کیاگیاہے کہ پنجاب اسمبلی کی خود مختاری کو برقرار رکھتے ہوئے مخصوص نشستوں کا فیصلہ کیا جائےجبکہ مخصوص نشستوں کے معاملے پر مسلم لیگ (ن) کے ارکان اسمبلی نے الیکشن کمیشن سے رجوع کر لیا۔الیکشن کمیشن میں درخواست محسن ایوب اور آمنہ شیخ کی جانب سے دی گئی ہےجس میں موقف اپنایاگیا کہ قرار دیا جائے مخصوص سیٹوں کے لیے فہرست نہ دینے والی پارٹی مخصوص سیٹوں کی اہل نہیں۔ تفصیلات کے مطابق سپیکر ایاز صادق نے چیف الیکشن کمشنر کو الیکشنز ایکٹ میں ترمیم سے آگاہ کیا، خط کے مطابق سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد الیکشن ایکٹ میں تبدیلی ہوچکی ہے جس کا اطلاق ماضی سے ہوتا ہے۔خط میں اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ترمیم شدہ الیکشن ایکٹ کا اطلاق 2017 سے کیا گیا ہے، ترمیم شدہ الیکشن ایکٹ پر عمل درآمد الیکشن کمیشن کی آئینی اور قانونی ذمہ داری ہے۔الیکشن ایکٹ اس وقت نافذ العمل ہے‘جمہوریت اور پارلیمنٹ کی بالادستی کے اصولوں پر عمل کریں۔ سپیکر ایاز صادق نے خط کی کاپی چیف الیکشن کمشنر اور تمام ممبران کو بھجوادی۔ادھرسپیکر پنجاب اسمبلی کے خط کے متن میں لکھا ہے کہ پارلیمانی نظام کی سالمیت، آزادی برقرار رکھنا ضروری ہے،ترمیم شدہ الیکشن ایکٹ نافذ العمل ہے، خط میں مزید لکھا ہے کہ الیکشن کمیشن کی قانونی ذمہ داری ہے کہ پارلیمنٹ کی قانون سازی کا احترام کرے‘الیکشن کمیشن جمہوریت اور پارلیمانی بالادستی کے اصولوں کو برقراررکھے اور پنجاب اسمبلی کی خود مختاری برقرار رکھتے ہوئے مخصوص نشستوں کا فیصلہ کرےجبکہ لیگی ارکان اسمبلی کی جانب سے درخواست میں کہا گیا ہے کہ جن امیداروں نے انتخابات میں پارٹی وابستگی سرٹیفکیٹ جمع نہیں کرایا انہیں آزاد ڈکلیئرکیا جائے، قرار دیا جائے کہ سیاسی جماعت میں جانے والے آزاد ارکان دوبارہ پارٹی تبدیل نہیں کر سکتے۔ الیکشن ایکٹ کے مطابق فہرست نہ دینے والی جماعت مخصوص نشتوں کی اہل نہیں، ترامیم کے مطابق ایک مرتبہ وابستگی کا جمع سرٹیفکیٹ تبدیل نہیں ہو سکتا۔
اسلام آباد وزیراعظم شہباز شریف عرب اسلامک سمٹ میں شرکت کیلئے سعودی عرب کے شہر ریاض پہنچ گئے، ریاض کے رائل...
کراچی صدرمملکت آصف علی زداری وطن واپس پہنچ گئے ۔ صد رآصف علی زرداری خصوصی طیارے کے ذریعے کراچی پہنچے اور...
اسلام آباد حکومت نے اتوار کو 24؍ سے زائد ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورکس کو بلاک کرنے کا 6؍ گھنٹے کا ٹرائل کیا۔ یہ...
کراچی امریکاکے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ سابق سفیر اور ری پبلکن پارٹی کی صدارتی نامزدگی کی دوڑ میں...
اسلام آباد حکومت پنجاب نے صوبہ میں دھند اور کہر سے نمٹنے کیلئے 16نکاتی ایکشن پلان مرتب کیا ہے جس میں تمام...
اسلام آ باداسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی تنظیم نو کا فیصلہ کر لیا،تنظیم نو...
لاہور پنجاب میں بڑے زمینداروں پر ’’سپر ٹیکس ‘‘ لگانے کے حوالے سے ’’پنجاب ایگریکلچرانکم ٹیکس بل 2024‘‘کو...
اسلام آبادوزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل سیریز جیتنے پر...