پاکستان بین الاقوامی ایٹمی ایجنسی کے بورڈ کا رکن منتخب

20 ستمبر ، 2024

اسلام آباد (فاروق اقدس) سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستان کو انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے بورڈ آف گورنرز کا رکن منتخب کرلیا گیا ہے۔ پاکستان بورڈ آف گورنرز کا اکیسویں دفعہ ممبر بنا ہے، جو کہ پاکستان کے دیرینہ عزم اور آئی اے ای اے کے ساتھ تعاون کا مضبوط اعتراف ہے۔ دریں اثناء آسٹریا میں پاکستانی سفارتخانے نے ایک بیان میں اس اہم خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ممبر شپ پاکستان کے آئی اے ای اے میں فعال کردار کا عکاس ہے۔ دوسری طرف وزارت خارجہ نے بھی بین الاقوامی سطح پر اس پیشرفت کو اہم قرار دیا ہے۔