لاہورکا جلسہ آریاپار‘روکا توجیلیں بھردیں گے ‘عمران خان

20 ستمبر ، 2024

راولپنڈی(این این آئی)تحریک انصاف کے بانی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ لاہور میں 21 ستمبر کو ہونے والا جلسہ آر یا پار ہے، پوری پارٹی کو کہہ دیا کہ حکمران جو مرضی کرلیں، وہ باہر نکلیں، جلسے سے اگر روکا تو جیلیں بھر دیں گے‘عوام جیل جانے سے نہ گھبرائیں اوراپنے مستقبل کے لیے باہر نکلیں ۔ اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئینی عدالت کے معاملے پر پوری طرح بحث ہونی چاہیے تھی، سپریم کورٹ کو تباہ کرنا جمہوریت کو تباہ کرنا ہے۔بانی پی ٹی آئی سے صحافی نے سوال کیا کہ چارٹر آف ڈیموکریسی کی دستاویز پر آپ کے بھی دستخط ہیں، اس دستاویز میں آئینی عدالت کے قیام پر اتفاق کیا گیا تھا، اس پر انہوں نے جواب دیا کہ ہر چیز کسی نہ کسی تناظر میں ہوتی ہے، اس وقت ترامیم کا تناظر عدلیہ کو ختم کرنا ہے، ان ترامیم کا ایک ہی مقصد ہے وہ ہے چیف قاضی فائز عیسی کو فائدہ پہنچانا‘موجودہ حالات میں ایسے فیصلے کرنے والوں سےکم عقل کوئی نہیں، میں نے ایسے بہت ہی کم لوگ دیکھے‘یہ ڈرے ہوئے ہیں، پھر کہتے ہیں اس کے پاس موبائل ہے اور اس کو خبریں ملتی ہیں، مجھے تمہاری حرکتوں کی وجہ سے پہلے پتا چل جاتا ہے ۔یہ سپریم کورٹ کو ختم کرنے جا رہے ہیں۔چیف جسٹس نے فاشزم کو تحفظ دیا ہے، یہ امپائرزکو توسیع دینا چاہتے ہیں تاکہ ایکسپوز نہ ہو سکیں۔آصف زرداری اور نواز شریف دو دو مرتبہ باہر بھاگے، اب یہ دوبارہ باہر بھاگیں گے سپریم کورٹ کو بھی تباہ کر دیا تو پاکستان بنانا ریپبلک بن جائے گا۔ میں 15 ماہ سے جیل میں ہوں مزید بھی جیل میں رہنے کو تیار ہوں، عوام بھی جیل جانے سے نہ گھبرائیں، 21 تاریخ کا جلسہ ہمارے لیے ڈو اینڈ ڈائی ہے، جو مرضی کر لیں پی ٹی آئی اور قوم نکلے گی۔صحافی نے سوال پوچھا کہ مولانا فضل الرحمن کل آپ کی پارٹی لیڈر شپ سے ملے ہیں، انہوں نے حکومت کی آئینی ترمیم کو یکسر مسترد کرنے کا اعلان کیا ہے، کیا کہیں گے، اس پر عمران خان نے کہا کہ مجھے معلوم ہے تم مجھ سے کیا کہلوانا چاہتے ہو، تم ہیڈلائن کی چکر میں مجھے ٹریپ کرنا چاہتے ہو، مجھے 28 سال ہوگئے ہیں سیاست میں، اتنی سمجھ تو ہے مجھ میں۔