مولانا مان گئے امریکی ایما پر پی ٹی آئی حکومت گرائی تھی ،گنڈاپور

01 اکتوبر ، 2024

پشاور ( آن لائن )وزیراعلیٰ خیبرپختون خوا علی امین گنڈا پورنے کہاہے کہ مولانا فضل الرحمٰن مان گئے کہ انہوں نے امریکی ایما پر پی ٹی آئی حکومت گرائی تھی ،پنجاب پولیس اہلکار کسی کاغلط حکم نہ مانے ،نتائج بھگتناہوں گے، یہاں لے آئوں گا،ان کے خاندانوں کااحساس کیا ہے، تشدد ہماراراستہ نہیں روک سکتا،میں وزیراعلیٰ ہوں،اپنے لیے صوبے کے وسائل ڈنکے کی چوٹ پر استعمال کروں گا۔پشاور ہائی کورٹ میں لاپتہ افراد کیس میں پیشی کے بعد وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ مولانا فضل الرحمٰن نے خود بولا مجھے کہا گیا کہ پی ٹی آئی کی حکومت ختم کرو، مولانا آپ مان گئے ، امریکہ کے کہنے پر آپ نے پی ٹی آئی کی حکومت گرائی ہے۔انہوں نے کہاکہ 2017 ء کے پولیس ایکٹ پر کام کررہے ہیں تاکہ کوئی بھی اپنی طاقت کا بے جا استعمال نہ کرے، ہوم ڈیپارٹمنٹ اور دیگر محکمے ملکر قوانین بنارہے ہیں، نگراں حکومت میں پولیس سے وہ کام کروائے گئے جو وہ نہیں کرنا چاہتی تھی۔انہوں نے کہا کہ غیر جمہوری طریقے سے آئے ہوئے لوگوں نے آئین کو تباہ کردیا ہے۔ ان کاکہنا تھاکہ جہاں جہاں ہمیں حکم ملے گا وہاں جلسہ کرینگے، گولیوں،تشدد سے ہمارا وقت ضائع ہوسکتاہے لیکن مقصد تبدیل نہیں ہوسکتا، میں وزیر اعلیٰ ہوں، اپنے وسائل ڈنکے کی چوٹ پر استعمال کرونگا، میری مشینری راستہ اس لئے کلیئر کرے گی کیونکہ میں اس صوبے کا وزیراعلیٰ ہوں۔