کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان کو درپیش موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کیلئے وسیع المدتی منصوبہ بندی کی جاررہی ہے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بحیثیت وفاقی وزیر خارجہ 2022 کے سیلاب متاثرین کی مدد و بحالی کے لئے جو عالمی گرانٹ پاکستان لائے ان سے سندھ و بلوچستان کے متاثرین کی دیرپا بحالی و معاونت ممکن ہوئی یہ بات انہوں نے پیر کو وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں سیلاب متاثرین میں امدادی چیکس کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ، تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری تھے اس موقع پر پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما رکن قومی اسمبلی میر اعجاز جھکرانی ، صابر بلوچ ، اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالخالق اچکزئی ، ڈپٹی اسپیکر محترمہ غزالہ گولہ ، صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی ، میر علی حسن زہری سمیت دیگر بھی موجود تھے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی دلچسپی سے سیلاب متاثرہ علاقوں میں بحالی منصوبوں کے لئے عالمی اداروں سے جو بحالی قرضے حاصل ہوئے وہ گرانٹ کی شکل میں بلوچستان کو دئیے گئے ، انہوں نے بلوچستان کے امور کو وفاق میں بہتر طور پیش کرنے اور اصولی موقف اپنانے پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی رہنمائی میں بلوچستان کی ترقی کے لئے قابل عمل منصوبوں کو پایا تکمیل تک پہنچایا جائے گا اور عام آدمی کے معیار زندگی کو بلند کرنے کے لئے اقدامات کا تسلسل برقرار رکھا جائے گا۔