تربت(نامہ نگار) نیشنل پارٹی کے قائد ڈاکٹر عبدالمالک نے کہا ہےکہ نیشنل پارٹی اس نااہل حکومت کا حصہ بننے کا سوچ بھی نہیں سکتی ، جب تک بلوچستان کے عوام کو ووٹ کا حق نہیں دیا جاتا ہے تب تک بلوچستان کے حالات میں کوئی بہتری نہیں آئیگی، نیشنل پارٹی بلوچ اور بلوچستان کے مفادات، پارلیمنٹ اور جمہوریت کی بالادستی کے خلاف کوئی سمجھوتہ نہیں کریگی، کیچ میں حکومتی وزرا نیشنل پارٹی کے خلاف انتقامی کارروائیاں کر رہے ہیں۔ ان خیالات انہوں نے اجلاس میں کیا ۔ ضلع کونسل کیچ کا اجلاس سرکٹ ہائوس تربت میں ہوا۔ جس کے مہمان خاص ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ جبکہ اعزازی مہمان خاص مرکزی سیکرٹری جنرل جان محمد بلیدی تھے۔ صدارت کے فرائض ضلعی صدر یونس جاوید جبکہ اسٹیج سیکرٹری ضلعی جنرل سیکرٹری سرتاج گچکی نے انجام دئیے ۔ اجلاس تین ایجنڈے پر مشتمل تھا۔ سیاسی و تنظیمی امور پر کارکنوں کےبحث مباحثے کے بعد جان محمد بلیدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کارکن اس بات کی تسلی رکھیں کہ نیشنل پارٹی کی قیادت پارٹی پالیسیوں سے ایک انچ بھی انحراف نہیں کرے گی۔اجلاس سے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے خطاب میں کارکنوں کے سوالوں کا جواب دیا اور اُنکے خدشات اور تحفظات دور کئے۔ اُنہوں نے کہا کہ مجھے بہت خوشی ہوئی کہ کارکنوں نے اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی بلوچ اور بلوچستان کے مفادات، پارلیمنٹ اور جمہوریت کی بالادستی کے خلاف کوئی سمجھوتہ نہیں کریگی۔اُنہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی ایک پرامن جمہوری پارٹی ہے اور جمہوری جدوجہد پر یقین رکھتی ہے، اُنہوں نے کہا کہ بلوچستان کی حقیقی قیادت اور پارٹیوں کی جیت کو فارم 47 کے زریعے سے شکست میں تبدیل کرنے کے عمل سے عوام کا اعتماد اب جمہوری و پارلیمانی سیاست سے اٹھتا جا رہا ہے جو ملک کیلئے نیک شگون نہیں ہے۔ضلعی صدر یونس جاوید نے تمام کونسلروں کا شکریہ ادا کیا۔کھانے کے وقفے کے بعد مرکزی کانگرس کے کونسلروں کے انتخاب کا مرحلہ شروع ہوا، بی۔ایس او کے مرکزی چیئرمین بوھیر صالح کی سربراہی میں تین رکنی الیکشن کمیٹی نے کونسلروں کا انتخاب کروایا۔