کارڈیک انسٹیٹیوٹ کو اسٹیٹ آف دی آرٹ اسپتال بنائینگے، وزیر اعلیٰ

01 اکتوبر ، 2024

کوئٹہ(خ ن)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پیر کی شب شیخ محمد بن زید النہیان انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا اچانک دورہ کیا اور مریضوں کو دی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا وزیر اعلیٰ نے اسپتال میں زیر علاج ڈاکٹر محمد حیات بگٹی، سابق ڈپٹی کمشنر کمیل علی ہزارہ ، ڈائریکٹر لیبر مشتاق جعفر سمیت دیگر مریضوں سے عیادت اور مزاج پرسی بھی کی اور ان کی صحت یابی کیلئے دعا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا اس موقع پر انسٹی ٹیوٹ انتظامیہ نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کو اسپتال کے مختلف شعبوں سے متعلق بریفنگ دی دورے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ شیخ محمد بن زید النہیان انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی بہترین طبی سہولیات فراہم کررہا ہےاسپتال کو این آئی سی وی ڈی سندھ کی طرز پر امراض قلب کا مثالی ادارہ بنائیں گے تاکہ بلوچستان کے عوام کو امراض قلب کی معیاری سہولیات مقامی سطح پر میسر آسکیں اور انہیں دورہ افتادہ شہروں کا رخ نہ کرنا پڑے،میر سرفراز بگٹی نے صوبائی وزیر صحت کو انسٹی ٹیوٹ کا دورہ کرکے مفصل رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو بلوچستان کا اسٹیٹ آف دی آرٹ اسپتال بنائیں گے اور اس کے لئے جتنے بھی وسائل درکار ہوں گے صوبائی حکومت فراہم کرے گی۔