گارنٹی ہے ہم پر امن،فضل الرحمٰن ہمارےساتھ ہیں ،بیرسٹرگوہر

01 اکتوبر ، 2024

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ’’کیپٹل ٹاک ‘‘میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف، بیرسٹر گوہر علی خان نےکہا ہے کہ ہم گارنٹی کے ساتھ کہہ رہے ہیں کہ ہم پر امن ہیں،آئینی ترمیم کے معاملے پر مولانا فضل الرحمٰن ہمارے ساتھ ہیں،چیئرمین پاک چائنا انسٹی ٹیوٹ ،سینیٹر مشاہد حسین سید نےکہا کہ ہمیں تیار رہنا چاہئے کیوں کہ انڈیا اسرائیل گٹھ جوڑ بہت مضبوط ہے۔اسرائیل نے جو کچھ کیا اس کے پیچھے امریکا اور مغرب کی آشیرباد تھی۔وہ آشیرباد بھارت کے لئے بھی ہے۔پاکستان کا نیوکلیئر پروگرام ہماری سیکورٹی کی ضمانت ہے اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرنا چاہئے،میزبان حامد میرنے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایک بہت بڑی جنگ ہمارے ہمسائے میں پہنچ چکی ہے۔ ہم کس طرح کے معاملات میں الجھے ہوئے ہیں ۔چیئرمین تحریک انصاف، بیرسٹر گوہر علی خان نےکہا کہ پارٹی چیئرمین شپ میرے پاس بانی پی ٹی آئی کی امانت ہے۔ جب تک رہوں گا جب تک بانی پی ٹی آئی کااعتمادہے اور وہ اندر ہیں۔انٹرا پارٹی الیکشن کا کیس الیکشن کمیشن میں2 اکتوبر کو لگا ہے۔انٹرا پارٹی الیکشن کیس کی وجہ سے افواہیں پھیلائی جارہی ہیں۔