شیڈول میں تبدیلی؛ ڈاکٹر ذاکر نائیک کراچی کی بجائے اسلام آباد پہنچے

01 اکتوبر ، 2024

اسلام آباد( فاروق اقدس) معروف بھارتی اسلامی مبلغ اور اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک اپنے اعلان کردہ شیڈول کے مطابق پیر کو پاکستان پہنچ گئے جہاں وہ 28 اکتوبر تک قیام کرینگے تاہم پیشگی شیڈول کے مطابق پہلے مرحلہ میں انکی آمد کراچی ہونی تھی لیکن انہوں نے بیرون ملک سے آمد کیلئے اسلام آباد کا انتخاب کیا۔ اپنی آمد سے قبل انہوں نے کہا تھا کہ وہ یہ دورہ حکومت پاکستان کی دعوت پر کررہے ہیں اور ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کرنے کیلئے حکومتی شخصیات کی موجودگی کے پیش نظر ان کی بات درست دکھائی دیتی ہے۔ ان کے صاحبزادے ڈاکٹر فاروق نائیک جو اسلامی سکالر ہیں دونوں کو سکیورٹی پروٹوکول میں ان کو قیام گاہ پر لیجایا گیا۔ بھارتی حکومت کی جانب سے ان کے پاسپورٹ منسوخ کئے جانےکے بعد ڈاکٹر ذاکر نائیک ملائیشیا ہجرت کر گئے تھے جہاں ملائیشیا کی حکومت نے انہیں مستقل رہائش کی اجازت دیدی تھی جبکہ برطانیہ میں ان کے داخلے پر پابندی ہے ملائیشیا میں جلاوطنی کی زندگی گزارنے والے ڈاکٹر ذاکر نائیک مختلف بصری ذرائع کے ذریعے مسلسل لیکچر دیتے ہیں اور سوشل میڈیا کے ذریعے عالمی سطح پر سامعین کے ساتھ رابطے میں رہتے ہیں۔