2023-24میں اقتصادی شرح نمو 2.52فیصد ،معیشت بہترہوئی

01 اکتوبر ، 2024

اسلام آباد( تنویر ہاشمی ) پاکستان کی مالی سال 2023-24میں ا قتصادی شرح نمو 2.52فیصد اور2022-23میں منفی 0.22فیصد رہی ، نیشنل اکائونٹس کمیٹی نے 2023-24 اور 2022-23کے حتمی اعداد وشمار کی منظوری دیدی ، نیشنل اکائونٹس کمیٹی کا 110واں اجلاس پاکستان بیورو آف شماریات میں سیکرٹری منصوبہ بندی کی زیر صدارت ہوا، مالی سال 2023-24کی چاروں سہ ماہی کےحتمی اعداد وشمار میں تبدیلی ہوئی ہےجس کے مطابق پہلی سہ ماہی میں جی ڈی 2.69فیصد رہی ، دوسری سہ ماہی میں جی ڈی پی 1.97فیصد او ر تیسری سہ ماہی میں 2.36فیصد جبکہ چوتھی سہ ماہی میں 3.04فیصد رہی ، کمیٹی کے مطابق مالی سال 2023-24کی 2.52فیصد میں سے زراعت کی شرح نمو 6.36فیصد رہی جو مالی سال 2022-23میں 2.22فیصد ، صنعتی شرح نمو منفی 1.15فیصد رہی جو مالی سال 2022-23میں منفی 3.70فیصد تھی ، خدمات کے شعبے کی شرح نمو مالی سال 2023-24میں 2.15فیصد رہی جو مالی سال 2022-23میں منفی 0.02فیصد تھی ، منظور شدہ اعداد وشمار کے مطابق مالی سال 2022-23میں زرعی شعبے کی جی ڈی پی گروتھ 6.36فیصد میں فصلوں کی شرح نمو 10.28فیصد ، مویشیوں کی شرح نمو 4.47فیصد ، جنگلات کی شرح نمو 3.05فیصد اورماہی گیری کے شعبے کی شرح نمو 0.81فیصد رہی ، اہم فصلوں کی شرح نمو 17.02فیصد ، دیگر فصلوں کی شرح نمو منفی 1.20فیصد ، کاٹن جننگ کی شرح نمو 47.23فیصد رہی ۔