مقبوضہ کشمیر،بھارتی فوج کی ریاستی دہشتگردی جاری ، ایک اور کشمیری نوجوان شہید

01 اکتوبر ، 2024

سرینگر(آئی این پی)مقبوضہ کشمیر میں میں بھارتی فوجیوں نے مختلف علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رکھا،اس دوران بھارتی فوج کے ہاتھوں ایک اور کشمیری نوجوان شہید ہوگیاتفصیل کے مطابق ضلع کٹھولا میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران قابض بھارتی فوج نے داخلی اور خارجی راستوں کو بند کرکے گھر گھر تلاشی لی،اس دوران نیٹ سروسز معطل رہیں اور ایمبولینسوں کو بھی داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی۔ بھارتی فوج نے چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا،قابض بھارتی فوج نے ایک گھر پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک کشمیری نوجوان شہید ہوگیا۔ نوجوان نہتا تھا اور مقامی کالج کا طالب علم تھا،مقبوضہ کشمیر کی بھارت نواز کٹھ پتلی انتظامیہ نے نوجوان کی شہادت کو مقابلہ ظاہر کرنے کی کوشش کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نے گرفتاری دینے کے بجائے فوجی اہلکاروں پر فائرنگ کی تھی،بھارتی فوج نے نوجوان کی لاش لواحقین کے حوالے کرنے کے بجائے پولیس کو دیدی۔ شہید نوجوان کے والدین اپنے پیارے کی لاش کے لیے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں،دریں اثنا بھارتی فوج اورپیراملٹری فورسز کے اہلکاروں نے ضلع کٹھوعہ کے علاقوں رسانی اور کوگ منڈلی میں تلاشی کی کارروائیاں جاری رکھیں۔ ضلع راجوری کے علاقے منیال گلی تھنہ منڈی میں بھی محاصرے اور تلاشی کی کارروائی جاری ہے جو بھارتی فورسز نے اتوار کو شروع کی تھی۔قابض حکام نے بتایاکہ علاقے میںمشکوک نقل و حرکت کے بارے میں اطلاعات ملنے کے بعد راشٹریہ رائفلز، سینٹرل ریزرو پولیس فورس اور پولیس کی اسپیشل آپریشن گروپ سمیت بھارتی فورسز کی ایک مشترکہ ٹیم نے آپریشن شروع کیا۔آخری اطلاعات آنے تک علاقے میں فوجی آپریشن جاری تھا۔