امریکا نے حسن نصر اللّٰہ کو نشانہ بنانا جائز قرار دیدیا، روس کا اظہار مذمت

01 اکتوبر ، 2024

واشنگٹن / ماسکو (نیوز ایجنسیز)امریکا نے حسن نصر اللہ کو نشانہ بنانا جائز قرار دیدیا ہے اور وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ حزب اللہ سربراہ کے بغیر دنیا زیادہ محفوظ ہے ۔ ادھر روس نے حسن نصر اللہ کو نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قتل سے خطے کی صورتحال کشیدہ ہوگئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز اتحادی ممالک کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا کہ حسن نصر اللہ کے بعد دنیا زیادہ محفوظ ہے، انہوں نے حزب اللہ کے سربراہ کو سفاک دہشت گرد قرار دیتے ہوئے زور دیا کہ مشرق وسطیٰ میں استحکام کا بہترین موقع سفارت کاری ہے۔انٹونی بلنکن نے کہا کہ لبنان میں اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان لڑائی میں حالیہ ڈرامائی طور پر اضافےکے باوجود امریکہ اب بھی اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ سفارت کاری خطے کے لیے بہترین راستہ ہے۔