پی ٹی آئی کی کوشش ہوتی ہے ہر عہدے کو متنازع بنایا جائے، چیئرمین پی پی

01 اکتوبر ، 2024

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ “ میں گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی پی پی، بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عدالتی اصلاحات میثاق جمہوریت کا حصہ ہے2006ء سے کوشش کررہے تھے،کوشش ہے پیپلز پارٹی کے ڈارفٹ پر مولانا فضل الرحمٰن کو منائیں،صرف آئینی عدالت بنانے سے تمام مسئلے حل نہیں ہوتے ہیں اس کے ساتھ عدالتی تقرریوں کا عمل بھی حل کرنا ہے،تحریک انصاف کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ ہر عہدے کو متنازع بنایا جائے۔جسٹس فائز عیسیٰ پر حملہ پی ٹی آئی کے دور سے شروع ہوا۔چیئرمین پی پی پی، بلاول بھٹو زرداری نےکہا کہ آئینی ترامیم کے ذریعے عدالتی اصلاحات پی پی پی کے لئے نئی بات نہیں۔ ہم کافی عرصے سے عدالتی اصلاحات کے لئے سیاست کررہے ہیں۔ جہاں تک پچھلی کوشش کا ذکر ہورہاہے اس میں حکومت کا اپنا تیار کیا گیاایک تفصیلی ڈرافٹ موجود تھا۔ جہاں تک میرے علم میں تھاحکومت کے پاس مختلف جماعتوں بشمول جے یو آئی کے سپورٹ بھی اس بل کے حوالے سے موجود تھی۔حکومت کی تجویز کے ساتھ ساتھ ہم اپنا ان پٹ بھی دے رہے تھے۔آئینی عدالت اور ججز تقرری سے متعلق حکومت سے بات کی ، ہماری تجاویز بھی لی گئیں۔آئینی ترامیم پر حکومت نے چاہا کہ جے یو آئی سمیت تمام جماعتوں کی رائے آئے۔