بھارتی دلجیت دوسانجھ نے پاکستانی خاتون کو اسٹیج پر بُلا کر دل جیت لئے

01 اکتوبر ، 2024

کراچی( نمائندہ جنگ)عالمی شہرت یافتہ بھارتی گلوکار، گیت نگار اور فلم اسٹار دِلجیت دوسانجھ نے گزشتہ روز برطانیہ کے شہرمانچسٹر میں منعقدہ بڑے کنسرٹ میں پاکستانی خاتون کو اسٹیج پر بُلا کرسب پاکستانیوں کے دِل جیت لیے۔کنسرٹ میں موجود ہزاروں شائقین موسیقی کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملکوں کے درمیان یہ سرحدیں سیاست دانوں نے بنائی ہیں، آپ سب دیکھ رہیں کہ آج کے کنسرٹ میں ایک جانب مداح بھارتی پرچم اٹھائے ہوئے ہیں، تو دوسری جانب پاکستانی پرچم لیے فینز موجود ہیں۔میں سب کو خوش آمدید کہتا ہوں، ہم پنجابیوں کے دِل میں ہرایک کے لیے جگہ ہے،ہمارا فرض ہے کہ دُنیا میں پیار و محبت پھلائیں اور نفرتوں کا خاتمہ کریں۔ میرے دل میں سب کے لیے بہت احترام ہے، چاہے آپ پاکستان سے ہوں یا بھارت میں رہتے ہو۔ تفصیلات کے مطابق عالمی شہرت یافتہ بھارتی پنجابی گلوکار، گیت نگار اور فلم اسٹار دِلجیت دوسانجھ ان دنوں پیرس و برطانیہ کے مختلف شہروں میں شاندار میوزیکل کنسرٹ میں آواز کا جادو جگارہے ہیں۔ اس ٹور کا نام انہوں دلومیناتی ٹور رکھا ہے۔ گزشتہ روز برطانیہ کے شہرمانچسٹر میں منعقدہ بڑے کنسرٹ میں ایک خاتون کو اسٹیج پر بُلایا، اسے تحائف پیش کیے اور پھر پُوچھا کہ آپ کہاں سے ہیں؟خاتون نے جواب دیا کہ میں پاکستان سے ہُوں۔یہ سُن کر انہوں نے پرجوش تالیاں بجوائیں، ان کے اس عمل نے کنسرٹ میں سب پاکستانیوں کے دِل جیت لیے۔ اس موقع پرانہوں نے کہا کہ ہندوستان، پاکستان، ہم سب کے لیے ایک ہے۔پنجابی زبان بولنے والے کو سب سے پیار ہے۔میں سب کو خوش آمدید کہتا ہوں۔ پنجابی زبان بولنے والے کہیں بھی رہتے ہوں، سب ایک ہیں۔ قارئین کو بتاتے چلیں کہ دِلجیت ایک کنسرٹ کے کروڑوں روپے چارج کرتے ہیں، اس وقت ان کی دولت کا تخمینہ لگ بھگ 5 ارب 70 کروڑ پاکستانی روپوں کے قریب ہے۔ بھارت کی امیر ترین امبانی فیملی میں حال ہی میں ہونے والی شادی کی تقریب میں دِلجیت دوسانجھ نے پرفارم کرنے کے 30 کروڑ بھارتی روپے لیے تھے، جو پاکستانی روپوں میں تقریباً 1 ارب روپے بنتے ہیں۔ ان کے بیرون ملک کنسرٹ کا ایک ٹکٹ پونے دو کروڑ روپے میں فروخت ہوا،مقبولیت کے سارے ریکارڈ توڑ دیئے۔دلجیت نے گلوکاری کے ساتھ ساتھ اداکاری میں بھی خُوب نام پیدا کیا۔2017 میں فلم ’’اڑتا پنجاب‘‘،میں بہترین نئے چہرے کا فلم ایوارڈ اپنے نام کیا،2019 میں فلم ’’گڈ نیو‘‘ میں معاون اداکار کا فلم ایوارڈ بھی حاصل کیا۔ وہ سوشل میدیا پر بھی چھائے ہوئے ہیں،ان کے انسٹاگرام پر18 ملین سے زیادہ فولورز ہیں۔اور وہ ایک پوسٹ کا 10لاکھ بھارتی روپے چارج کرتے ہیں۔