پارلیمانی سربراہان کا غیر معمولی ہنگامی اجلاس کل طلب

01 اکتوبر ، 2024

اسلام آباد (محمد صالح ظافر ،خصوصی تجزیہ نگار)پارلیمانی سربراہان کا غیر معمولی ہنگامی اجلاس کل طلب،آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، تمام حساس اداروں کے سربراہوں کی شرکت کا امکان ،وزیر اعظم شہباز شریف نائب وزیراعظم سینٹر اسحٰق ڈار میزبان ہونگے اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس کے کمیٹی روم میں ہوگا،پارلیمنٹ ہاؤس کے متعلقہ حکام کے سوا ملازمین کو دفاتر میں آنے سے روک دیا گیا اجلاس انتہائی سخت حفاظتی بندوبست میں ہو گا پارلیمانی گروپ لیڈرز کو دعوت نامے جاری،اجلاس بند کمرے میں ہوگا،خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی پر غور ہوگا آئین میں دستیاب اقدامات کا جائزہ لیکر فیصلے ہونگے،غیر سرکاری پارلیمانی گروپ لیڈرز کو مدعو کرنے کا فیصلہ آج ہوگا، صوبوں میں امن و سلامتی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا جس کی روشنی میں انتہائی اہم فیصلے کئے جائیں گے۔ ’’جنگ‘‘/دی نیوز کے خصوصی سنٹرل رپورٹنگ سیل کو پتہ چلا ہے کہ اجلاس کے لئے سخت حفاظتی اقدامات کئے جارہے ہیں ، بلاول بھٹو زرداری، مولانا فضل الرحمٰن، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، عبدالعلیم خان، چوہدری سالک ، خالد حسین مگسی، نیشنل پارٹی اورخواجہ آصف ،عرفان صدیقی، شیری رحمٰن ، ایمل ولی خان کو دعوت دے دی گئی ہے ، چین، ملائشیا کے وزیراعظم کے دورے میں سلامتی کے حو الے سے تدابیر کے علاوہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان حکومت کے اجلاس اور بین الاقوامی پارلیمانی ایوانوں کے نمائندوں کا سالانہ اجلاس بھی ماہ رواں میں وفاقی دارالحکومت میں ہوگا جس میں اڑتالیس ممالک کے پارلیمانی رہنما شریک ہونگے نوید قمر ان کی میزبانی کرینگے جبکہ شنگھائی تعاون کی تنظیم کے اجلاس میں دیگر سربراہان حکومت کے علاوہ چین، روس وسط ایشیائی ممالک قازقستان، کرغزستان، تاجکستان، ازبکستان، ایران، بیلارس اور بھارت کے وزرائے اعظم مدعو ہیں۔ علاوہ ازیں اٹھارہ ممالک کے اعلیٰ سطح وفود اس میں شریک ہونگے جو مختلف حیثیتوں سے اس تنظیم سے وابستہ ہیں۔ ان چار مو اقع کے لئے وفاقی دارالحکومت میں فول پروف سیکورٹی فراہم کرنے کا حکم جاری کیا جاچکاہے ، جڑواں شہروں میں آج سے کسی بھی نوعیت کی احتجاجی سرگرمیوں اور ہنگامہ آرائی کو کچل دینے کا بندوبست کرلیا گیا ہے ۔