بیروت / کراچی ( نیوز ایجنسیز / نیوز ڈیسک) اسرائیل نے لبنان میں زمینی جارحیت بھی شروع کردی ہے اور امریکا کا کہنا ہےکہ اسرائیل نے زمینی کارروائی سے آگاہ کردیا ہے جبکہ حزب اللہ نے کہا ہے کہ صیہونی فورسز سے زمین پر لڑنے کیلئے تیار ہیں ۔ادھر اسرائیل نے لبنان میں بمباری کی جس کے نتیجے میں 105؍ افراد شہید اور 359؍ سے زائد زخمی ہوگئے ، وادی بقاع اور عین الدلب میں وحشیانہ بمباری کی گئی ، لبنانی وزیراعظم نے جنگ بندی پر زور دیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق اسرائیلی فوج نے حزب اللہ کے خلاف لبنان میں زمینی حملے شروع کردیئے اور پیر کے روز شمالی سرحد کے ساتھ علاقوں کو سیل کرتے ہوئے انہیں فوجی چھاؤنی قرار دیدیا۔ دوسری طرف واشنگٹن ڈی سی میں پریس کانفرنس کے دوران امریکی صدر جو بائیڈن سے پوچھا گیا کہ کیا وہ لبنان میں اسرائیل کی محدود زمینی کارروائی کے منصوبے سے آگاہ اور مطمئن ہیں؟ اس پر بائیڈن نے جواب دیا کہ ’میں آپ کی سوچ سے زیادہ آگاہ ہوں اور میں ان کے رُکنے پر مطمئن ہوں گا۔ ہمیں فوراً جنگ بندی چاہیے۔‘ امریکی دفتر خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا ہے کہ امریکہ دہشتگردی کے خلاف اسرائیل کے حق دفاع کی حمایت کرتا ہے مگر مشرق وسطیٰ کے بحران کا ’سفارتی حل‘ چاہتا ہے۔ ادھر اسرائیل کی لبنان کے مختلف علاقوں میں فضائی سفاکیت جاری ہے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران حملوں میں شہید ہونیوالوں کی تعداد 105 ہوگئی۔لبنانی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لبنان کی وادی بقاع اور عین الدلب سمیت دیگر علاقوں میں اسرائیلی بمباری سے 359 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل کے مختلف شہروں پر حملوں میں دوسرا فرانسیسی شہری ہلاک ہوگیا جبکہ اتوار کے روز وزارت صحت نے بعلبک ہرمل شہر میں بھی اسرائیلی فوج نے بمباری کی جس میں 33 لوگ جان کی بازی ہارگئے جبکہ 47 زخمی ہوئے ،یہ واقعہ مشرقی لبنان میں پیش آیا۔دوسری جانب لبنان میں اسرائیلی حملوں کے باعث غذائی بحران شدت اختیار کر گیا، اسرائیلی حملوں کے بعد لوگ بڑی تعداد میں بے گھر ہو رہے ہیں اور 20 لاکھ سے زائد نقل مکانی کرکے محفوظ علاقوں کی جانب ہجرت کرنے پر مجبور ہیں۔اقوام متحدہ کی جانب سے لبنان کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے جبکہ ورلڈ فوڈ پروگرام کا ہنگامی آپریشن شروع کردیا گیا ، اسرائیلی حملوں کی وجہ سے پناہ گاہوں میں بے گھر فیملیز کو راشن کی سپلائی میں مشکلات کاسامنا ہے ۔ لبنان کے وزیر اعظم نجیب میقاتی نے بیروت میں فرانس کے وزیر خارجہ جین نول باروٹ سے ملاقات کے دوران اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جنگ بندی پر زور دیا۔وزیراعظم کے دفتر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، نجیب میقاتی نے کہا کہ مسئلے کےحل کی کلید لبنان کے خلاف اسرائیلی جارحیت کو ختم کرنا اور امریکہ اور فرانس کی طرف سے جنگ بندی کے حق میں شروع کی گئی اپیل کو بحال کرنا ہے۔ جین نول باروٹ اتوار کو بیروت پہنچے، جواسرائیل کے حملوں میں اضافے کے بعد لبنان کا دورہ کرنے والے پہلے غیر ملکی سفارت کار ہیں ۔ دوسری جانب ، حزب اللہ کے نائب رہنما نعیم قاسم نے گزشتہ روز کہا کہ مزاحمتی گروپ اسرائیل کی کسی بھی زمینی کارروائی کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہے، اس نے خبردار کیا کہ جنگ طویل عرصے تک جاری رہ سکتی ہے۔ایک ٹیلیویژن خطاب میںنعیم قاسم نے یہ بھی کہا کہ جمعہ کو اسرائیل کی جانب سے اپنے رہنما حسن نصر اللہ کی ایک فضائی حملے میں ہلاکت کے بعد حزب اللہ جلد از جلد نئے سربراہ کا انتخاب کرے گی۔نعیم قاسم نے کہا کہ حزب اللہ غزہ اور فلسطین کی حمایت میں، لبنان اور اس کے عوام کے دفاع میں اور شہریوں کے قتل و غارت گری کے جواب میں اسرائیلی دشمن کا مقابلہ جاری رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ اگر اسرائیل زمینی راستے سے داخل ہونے کا فیصلہ کرتا ہے تو ہم ہر طرح کی صورت حال کا سامنا کیلئےتیار ہیں،مزاحمتی قوتیں کسی بھی زمینی تصادم کے لیے تیار ہیں۔
لاہور پنجاب اسمبلی کی طرف سے پرائس کنٹرول، ذخیرہ اندوزی، غیر قانونی تجاوزات کے خاتمے اور سرکاری زمینوں کو...
جمرود کالعدم پختون تحفظ مومنٹ کے مشر منظور پشتین نے جرگہ مشران 10تجا ویز پیش کردیں تجارت کی بحالی، خواتین کی...
اسلام آباد آئینی ترامیم کے معاملے سے تحریک انصاف عملا الگ ہو گئی، مسودہ پیش کیا اور نہ ہی کوئی تجویز دی ہے،...
کراچی جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کرتے ہوئے سیکریٹری اطلاعات تحریک...
اسلام آباد شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان کی سمٹ میں شرکت کیلئے کم وبیش 900 غیر ملکی مہمان، مندوبین...
کراچی ملک کے ممتاز تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بلوچستان کا مسئلہ سیاسی، معاشی اور آئینی ہے۔جب تک ان چیزوں کو...
اسلام آباد پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی لطیف کھوسہ کی بھارتی گانے پر ڈانس کی ویڈیو سوشل...
اسلام آباد انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آج آخری تاریخ ہے اور ایف بی آر نے انکم ٹیکس گوشوارے جمعکرانے کی...