توشہ خانہ کیس 2؛ عمران اور بشریٰ بی بی کی ضمانت کی درخواستیں مسترد

01 اکتوبر ، 2024

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) سپیشل جج سنٹرل اسلام آباد شاہ رخ ارجمند نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور انکی اہلیہ بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ ٹو کیس میں ضمانت کی درخواستیں مستر دکر دیں ۔ پیر کو توشہ خانہ ٹو کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ضمانت کی درخواست کی سماعت اڈیالہ جیل میں ہوئی۔ اس موقع پر ایف آئی اے کی طرف سے پراسیکیوٹر ذوالفقار عباس نقوی اپنی ٹیم کے ہمراہ پیش ہوئے۔ پراسیکیوٹر ذوالفقار عباس نقوی نے دلائل دیتے ہوئے کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی نے سعودیہ سے ملنے والا 7 کروڑ 15 لاکھ مالیت کا قیمتی سیٹ 29 لاکھ میں حاصل کیا ، ایف آئی اے نے فارن آفس کے ذریعے سعودیہ سے بلغاری سیٹ کی اصل قیمت حاصل کر لی ۔ ایف آئی اے کے پاس سابق وزیراعظم اور انکی اہلیہ کیخلاف ناقابل تردید ثبوت ہیں۔ عدالت نے دونوں فریقین کے تفصیلی دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا اور کچھ دیر بعد فیصلہ سناتے ہوئے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت مسترد کر دی۔ ملزمان پر کل فرد جرم عائد کی جائے گی۔