شیڈول میں تبدیلی؛ ڈاکٹر ذاکر نائیک کراچی کے بجائے اسلام آباد پہنچے

01 اکتوبر ، 2024

اسلام آباد( فاروق اقدس) معروف بھارتی اسلامیمبلغ اور اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک اپنے اعلان کردہ شیڈول کے مطابق پیر کو پاکستان پہنچ گئے جہاں وہ 28 اکتوبر تک قیام کرینگے تاہم پیشگی شیڈول کے مطابق پہلے مرحلہ میں انکی آمد کراچی ہونی تھی لیکن انہوں نے بیرون ملک سے آمد کیلئے اسلام آباد کا انتخاب کیا۔ اپنی آمد سے قبل انہوں نے کہا تھا کہ وہ یہ دورہ حکومت پاکستان کی دعوت پر کررہے ہیں اور ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کرنے کیلئے حکومتی شخصیات کی موجودگی کے پیش نظر ان کی بات درست دکھائی دیتی ہے۔ ان کے صاحبزادے ڈاکٹر فاروق نائیک جو اسلامی سکالر ہیں دونوں کو سکیورٹی پروٹوکول میں ان کو قیام گاہ پر لیجایا گیا۔ بھارتی حکومت کی جانب سے ان کے پاسپورٹ منسوخ کئے جانےکے بعد ڈاکٹر ذاکر نائیک ملائیشیا ہجرت کر گئے تھے جہاں ملائیشیا کی حکومت نے انہیں مستقل رہائش کی اجازت دیدی تھی ۔ڈاکٹر ذاکر نائیک کو عموماً پی ایچ ڈی ڈاکٹر سمجھا جاتا ہے لیکن وہ میڈیسن کی ڈگری کے حامل ہیں انہیں اسلام کے علاوہ دیگر مذاہب جن میں بالخصوص ہندو مذہب کے بارے میں بہت زیادہ معلومات حاصل ہیں۔ بھارت اور بنگلہ دیش کی جانب سے دہشتگردی، منی لانڈرنگ اورمذہبی منافرت پھیلانے کے الزامات کے باعث ان کے نام کیساتھ متنازعہ کا صیغہ بھی لازم ہوچکا ہے۔