اسلام آباد، ماڈل جیل قیام میں تاخیر کی درخواست پر فریقین کو نوٹس

01 اکتوبر ، 2024

اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں ماڈل جیل کے قیام میں تاخیر کی درخواست پر وفاق، وزارت داخلہ، وزارت قانون ،وزارت خزانہ ، آئی جی اسلام آباد، آئی جی پنجاب اور آئی جی جیل خانہ جات کو نوٹس جاری کر تے ہوئے 7 نومبر تک جواب طلب کر لیا ہے، چیف جسٹس عامر فاروق نے جوڈیشل ایکٹوزم پینل کے محمد اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کے دوران پٹیشنر وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا 14 سال پہلے سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کے دور میں پراجیکٹ شروع ہوا تھا 10سال میں تو کچھ نہیں ہوا تو اب کیا امید رکھیں، اڈیالہ جیل آنے جانے میں بہت وقت لگتا ہے جیل ٹرائل کیلئے کورٹ روم لازمی ہونا چاہئے ہم نے ابھی کوشش شروع کی ہے کہ قیدیوں کو بذریعہ ویڈیو لنک حاضری کیلئے پیش کیا جائے.