نجکاری کمیشن اجلاس، اداروں کی نجکاری کیلئے مذاکراتی کمیٹی بنانیکا فیصلہ

01 اکتوبر ، 2024

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) وفاقی وزیر نجکاری ، سرمایہ کاری بورڈو مواصلات عبدالعلیم خان کی زیر صدارت پرائیویٹائزیشن کمیشن بورڈ کے اہم اجلاس میں اداروں کی نجکاری کے لئے مذاکراتی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کر لیا، بورڈ نے 3ڈسکوز یعنی GEPCO، FESCO اور IESCO میں پرائیویٹ سیکٹر کی شرکت کے لیے مالیاتی مشیر (FA) کی خدمات حاصل کرنے سے متعلق جائزہ کمیٹی کی رپورٹ پر غور کیا اور پری کوالیفائیڈ پینل میں سے FA کی خدمات حاصل کرنے کے طریقہ کار کو اپنانے کے حوالے سے فیصلے کیےجیسا کہ پرائیویٹائزیشن کمیشن (مالی مشیروں کی خدمات حاصل کرنے) کے ضوابط 2018 کے ضابطہ 3(2)(c) میں فراہم کیا گیا ۔ وفاقی وزیر نجکاری عبدالعلیم خان نے ہدایت کی کہ نجکاری کے عمل میں مقابلے کی فضا اور کامیابی کے مقصد کو یقینی بنایا جائے تاکہ پرائیویٹائزیشن کا عمل صاف اور شفاف ہو۔پرائیویٹائزیشن کمیشن بورڈ کے 225ویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ پرائیویٹائز ہونیوالے قومی اداروں میں مارکیٹنگ اور سیلز کی "پچ "کو برقرار رکھا جائے کیونکہ اداروں کی نجکاری سے پیسوں کے حصول کے ساتھ ان کی کامیابی کو بھی مدنظر رکھنا ہو گا۔ وفاقی وزیر نے کہا نجکاری کیلئے اخبارات میں دیئے جانیوالے اشتہارات کو متعلقہ فائل کا حصہ بنایا جائے اور نجکاری کے عمل میں شفافیت لانے کے لئے تمام قانونی ضابطوں پر سو فیصد عملدرآمد ہونا چاہیے۔ اجلاس میں زرعی ترقیاتی بینک، یوٹیلیٹی سٹورز سمیت مزید اداروں کی نجکاری کے حوالے سے امور پر بھی غور و خوض کیا گیا جبکہ فنانشل ایڈوائزر کی تعیناتی پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اجلاس میں نجکاری کے بعض تکنیکی معاملات پر غوروخوض کرتے ہوئے ان کے بارے اہم فیصلے بھی کئے گئے