وفاقی،صوبائی حکومتیں بزرگوں کو بہتر صحت کی سہولیات کو ترجیح دیں،زرداری

01 اکتوبر ، 2024

اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی ) صدر آصف علی زرداری نے معمر افراد کے عالمی دن کے موقع پر پیغام میں کہا کہ معمر افراد کے عالمی دن کے موقع پر ہم بزرگ افراد کے لیے نگہداشت اور دیکھ بھال کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ صدر نے کہا کہ آج کے دن، ہم بزرگ شہریوں کو اپنا تجربہ اور دانشمندی نوجوان نسل کو منتقل کرنے اور ملکی ترقی اور خوشحالی میں کردار ادا کرنے پر خراج ِتحسین پیش کرتے ہیں۔ صدر نے کہا کہ بزرگ شہری نہ صرف ہمارے معاشرے کی بنیاد ہیں بلکہ وہ علم ،حکمت اور تجربے کا منبع بھی ہیں۔ ہمارا مذہب ہمیں اپنے والدین اور بزرگوں سے محبت اور شفقت کے ساتھ پیش آنے کا درس دیتا ہے۔ صدر نے کہا کہ پاکستان کا آئین ریاست پر یہ ذمہ داری عائد کرتا ہے کہ وہ اُن تمام شہریوں کے لیے ضروریات زندگی فراہم کرے جو کمزوری، بیماری یا بے روزگاری کی وجہ سے مستقل یا عارضی طور پر اپنی روزی کمانے سے قاصر ہیں۔ صدر نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کےساتھ سول سوسائٹی سے کہاکہ وہ بہتر صحت کی سہولیات کو ترجیح دیں، سماجی تحفظ بہتر بنائیں، بزرگوں کے حقوق کا تحفظ کریں اور انہیں ایک دوستانہ اور صحت مند ماحول فراہم کریں۔