PTIکو ہراسا نی کا مقدمہ ؛IG کو معاملات حل کرنے کا حکم

01 اکتوبر ، 2024

اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنماؤں شعیب شاہین ، علی بخاری اور عامر مغل کو ہراساں کرنے کے مقدمے میں IG کو معاملات حل کرنے کا حکم دیدیا۔ چیف جسٹس عامر فاروق نےآئی جی پولیس کو مخاطب کر کے ریمارکس دئیے کہ الیکشن سے یہ چیزیں آ رہی ہیں، الیکشن ہو گیا، اب آگے بڑھیں، یہ چیزیں ختم کریں، مسائل حل کرنے کیلئے انہیں بلا لیں لیکن بٹھا نہ لیجیے گا ۔ دوران سماعت درخواست گزار وکیل عمیر بلوچ جبکہ عدالتی حکم پر آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی میں پیش ہوئے۔ چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے میں نے پہلے بھی آرڈر کیا تھا کہ ان معاملات کو اچھے طریقے سے دیکھ لیں، جتنے بھی مقدمات ہیں ان کو دیکھ لیں اور معاملات کو حل کریں۔درخواست گزار وکلاء نے عدالت کو بتایا کہ بیرسٹر گوہر اور شعیب شاہین کو ابھی دو دن پہلے پھر سے گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی۔ آئی جی اسلام آباد نے عدالت کو یقین دہانی کرائی میں ان کو آفس بلا لیتا ہوں اور معاملے کو دیکھتا ہوں ۔چیف جسٹس نے آئی جی اسلام آباد سے مکالمہ کرتے ہوئے ریمارکس دیئے ایسا نہ ہو کہ ان کو آفس بلائیں اور وہاں بٹھا لیں۔