سینیٹ قائمہ کمیٹی، وزارت آبی وسائل حکام کی بریفنگ پر عدم اطمینان کااظہار

01 اکتوبر ، 2024

اسلام آباد (ناصر چشتی، خصوصی نمائندہ) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی آبی وسائل کا اجلاس سینیٹر شہادت اعوان کی زیر صدارت ہوا،شہادت اعوان نے وزارت آبی وسائل حکام کی بریفنگ پر عدم اطمینان کا اظہار کیا، بلوچستان میں زیر زمین پانی کی کمی اور وزارت کے اقدامات پر بریفنگ کے دوران انہوں نےکہا 2021 کے بعد سے کوئی سروے نہیں کیا گیا زیر زمین پانی کی کمی ایک اہم مسئلہ ہے تاہم اسے نظر انداز کیا گیا ہے اگر یہ سروے 2021 کے بعد کرایا جاتا تو شاید صورتحال نہ بگڑتی انہوں نے 2015 کے بعد لگائے گئے ٹیوب ویلوں کی تعداد کے بارے میں کہاکہ کمیٹی کو فراہم کئے گئے حقائق خاص طور پر ڈیموں کی تعداد کے حوالے سے تضاد ہے مسئلے کا حل تلاش کرنا ہے ، چیئرمین نے محکمہ آبپاشی بلوچستان پر زور دیا کہ صوبے میں مزید ٹیوب ویلوں کی تنصیب کو روکنے کا عزم کرے وزارت اس معاملے کو حل کرنے کیلئے تعاون کرے اور کمیٹی کیساتھ خط و کتابت کا اشتراک کرے،چیئرمین نے دارالحکومت میں 2019 سے پانی کی غیر محفوظ فراہمی پر تشویش کا اظہار کیا اورسیکرٹری آبی وسائل پر زور دیا وہ اس نازک معاملے پر سی ڈی اے سے مشاورت کریں۔