لا پتہ افراد کیس؛وزیر اعلی گنڈا پورپشاور ہائیکورٹ میں پیش

01 اکتوبر ، 2024

پشاور(نیوز رپورٹر )لا پتہ افراد کیس میں وزیر اعلی گنڈا پورپشاور ہائیکورٹ میں پیش ہو گئے ،چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس اشتیاق ابراہیم نے ضمانت پر رہا ہونے والے حوالاتی کی دوبارہ گرفتاری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلی علی امین گنڈا پور کو عدالت طلب کیا ، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ جب ایک کیس میں ضمانت ہوجائے تو پھر کیسے کسی کو جیل کے باہر سے گرفتار کرتے ہیں یہ عدالت کے فیصلے کی خلاف ورزی ہے یہ ایک کیس نہیں ، ایسے اور بھی کیسز ہے جن میں ضمانت ہونے کے بعد لوگوں کو اٹھایا جاتا ہے ۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ یہ کیا ہو رہا ہے ۔لوگوں کو بار بار کیوں گرفتار کیا جارہا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ وہ خود اس کے خلاف ہیں اور ان کی جماعت اور وہ خود اس سے متاثر ہیں ہم پولیس ایکٹ میں اس کے خلاف تبدیلی لا رہے ہیں ، کمیٹی بنائی ہے ایسے معاملات کو دیکھتی ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ اگر آپ ضمانت خارج کرنا چاہتے ہیں تو عدالت آجائیں اپنا موقف پیش کریں۔ آپ کو اگر گرفتاری کرنی ہے تو عدالت آجائیں ان کی گرفتاری جاری کریں۔ روزانہ ایسے کیسز آرہے ہیں، اس طرح کسی کو گرفتار نہیں کرسکتے ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کوبتایا کہ پبلک سیفٹی کمیشن میں ترامیم کررہے ہیں اور اس کو بہتر کررہے ہیں وزیراعلی ٰنے عدالت کو بتایا کہ آپ ہمیں فوکل پرسن دیں، ہم ترامیم لا رہے ہیں۔ چیف جسٹس نے ایڈووکیٹ جنرل کو دو ہفتے میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی سماعت 21 اکتوبر تک کے لئے ملتوی کردی۔