لڑکی پر تیزاب پھینکنے کے الزام میں 35سالہ شخص گرفتار

04 اکتوبر ، 2024

لندن (سعید نیازی) مغربی لندن میں اسکول کے باہر 14 سالہ لڑکی ٹیگن میکلفارلین پر تیزاب پھینکنے کے الزام میںپولیس نے 35سالہ شخص کو گرفتار کیا ہے، تیزاب کے حملے سے شدید زخمی لڑکی بدستور ہسپتال میں ہے اور اس کی سرجری بھی ہوئی ہے۔ تیزاب پھینکنے کا واقعہ پیر کوویسٹ منسٹر اکیڈمی کےباہر پیش آیا، تیزاب سے قریب سے گزرنے والا ایک 16 سالہ لڑکا بھی زخمی ہوا تھاجبکہ اسکول کے عملہ کی ایک ٹیچر متاثرہ افراد کی مدد کرنے کے دوران زخمی ہوئی تھی۔ پولیس کے مطابق جسمانی نقصان پہنچانے کے شبہ میں گرفتار شخص بدستور زیر حراست ہے۔ پولیس کے مطابق حملہ آور اکیلا تھا اور تیزاب پھینکنے کے بعد وہ الیکٹرک اسکوٹر پر فرار ہو گیا تھا۔ زخمی لڑکی ٹیگن کے والد کوری میکفارلین کے مطابق ان کی بیٹی ذہنی اور جسمانی طور پر تکلیف اور اذیت سے گزر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طورپر اسے ہسپتال سے فارغ کر دیا تھا لیکن پھر دوبارہ داخل کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وہ جلد اپنے خاندان کے ہمراہ کسی دوسرے علاقے میں منتقل ہو جائیں گے۔ انہوں نے آن لائن فنڈ ریزنگ کے ذریعے عطیات دینے والوں کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نےکہا کہ ان کی بیٹی کو اس حادثہ نے ذہنی طور پر متاثرکیا ہے اور اب وہ اسکول نہیں جانا چاہتی۔ وہ اپنی جی سی ایس ای کی تعلیم پرائیوٹ ٹیوٹر کے ذریعے جاری رکھے گی۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اسکاٹ وئیر نے کہا ہے کہ پولیس کمیونٹی کے خدشات سے آگاہ ہے اور اسکول کے باہر پولیس موجود رہے گی۔