اڈیالہ جیل راولپنڈی کے سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ سمیت 4 ملازمین برطرف

04 اکتوبر ، 2024

راولپنڈی (صباح نیوز) اڈیالہ جیل راولپنڈی کے سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم ، اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ اور 2 وارڈرزکو نوکری سے برطرف کردیا گیا ۔ راولپنڈی افسران کو جیل میں قتل کی انکوائری میں قصوروار ثابت ہونے پر نوکری سے برخاست کیا گیا۔ہوم سیکرٹری پنجاب نورالامین مینگل نے نوکری سے برخاستگی کانوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ جیل افسران کے خلاف 29 فروری کوذہنی مریض قیدیوں کےسیل میں حوالاتی کے قتل پر انکوائری جاری تھی۔ انکوائری میں اس وقت کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ایگزیکٹومحمد اکرم سمیت 7 ملازمین کو قصوروار قرار دیا گیاتھا اور 4 ملازمین کو کو نوکری سے فارغ کرنے کی سفارش کی گئی۔انکوائری رپورٹ کی روشنی میں مجاز اتھارٹی نے 30 اگست کوملازمین کو شوکازنوٹسز جاری کرکے جواب طلبی کی تھی۔ ڈائریکٹر جنرل ڈائریکٹوریٹ آف مانیٹرنگ اور وزارت داخلہ کی ذاتی سماعت میں بھی ملازمین پیش ہوئے جبکہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ غیر حاضر رہے۔ رپورٹ کی روشنی میں وارڈر ناصر محمود بارک انچارج کو ملازمت سے برطرف کیا گیا اور وارڈر امیر عباس بیٹ ڈیوٹی شفٹ کو ملازمت سے فارغ کردیا گیا۔ نائٹ ڈیوٹی افسر اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ محمودالحسن کو دوسال، ہیڈ وارڈر واجد محمود کو ایک سال سروس ضبط کرنے کی سزا دی گئی۔