بدامنی، فساد اور پھیلتی جنگ کا ذمہ دار اسرائیل ہے،لیاقت بلوچ

04 اکتوبر ، 2024

لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعتِ اسلامی، صدر مجلسِ قائمہ سیاسی قومی امور لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ بدامنی، فساد اور پھیلتی جنگ کا ذمہ دار اسرائیل ہے، آئین میں مجوزہ ترامیم متنازع اور بدنیتی پر مبنی ہیں، آئینِ پاکستان قومی مشترکہ متفقہ دستاویز ہے، آئینی ترمیم کے کِھلواڑ کے ذریعے اِسے متنازع نہ بنایا جائے ۔لیاقت بلوچ نے ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی وفد کے ہمراہ اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارت خانہ اسلام آباد میں ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم سے ملاقات کی اور فلسطین، لبنان کے شہدا اور مجاہد رہنما سید حسن نصراللہ شیخ کی شہادت پر تعزیتی کتاب میں پیغام قلم بند کیا۔ لیاقت بلوچ اور وفد نے کہا کہ عالمی امن اور عالمِ اسلام کے خلاف اسرائیلی کارروائیاں، جارحیت انتہائی خطرناک سطح پر پہنچ گئی ہیں، ایران کو یہ حق حاصل ہوگیا کہ اسرائیلی جارحیت کے جواب میں اسرائیل پر حملہ کرے،بدامنی، فساد اور پھیلتی جنگ اور انسان کشی کا ذمہ دار اسرائیل ہے۔ اسماعیل ھنیہ اور سید حسن نصراللہ کی شہادت سے آزادی اور مزاحمت کی تحریکیں زور پکڑیں گی اور دنیا بھر میں بیداری کی نئی لہر پیدا ہوگی، عالمی ضمیر ظلم کے خلاف سرنڈر نہیں کرے گا۔ عالمی ضمیر کے لئے اب ناگزیر ہوگیا کہ اسرائیل کو اس کے ظلم، قتلِ عام اور جنگی جرائم کی سزا دی جائے اور فلسطین کے حقِ آزادی کو تسلیم کرتے ہوئے آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کو یقینی بنایا جائے۔