اسلام آباد کی 3بار ایسوسی ایشنز نے آئینی پیکیج مسترد کردیا، مزاحمت کا اعلان

04 اکتوبر ، 2024

اسلام آباد، راولپنڈی (خبر نگار، اپنے رپورٹر سے ) اسلام آبادبار کونسل ، اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن اور اسلام آباد ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن نے آئینی پیکج کو مسترد کرتے ہوئے مزاحمت کرنے اور7 اکتوبر کو وکلا کنونشن منعقد کرنے کا اعلان کر دیا۔ کنونشن میں ملک بھر کی بار کونسلز ، بار ایسوسی ایشنز کے عہدیداران اور وکلا شریک ہوں گے۔ دوسری طرف راولپنڈی کی وکلاء تنظیموں نے بھی حکومت کا مجوزہ آئینی ترامیم کامسودہ مستردکرتے ہوئے مجوزہ آئینی ترامیم کو عدلیہ کو براہ راست کنٹرول کرنے کی کوشش قرار دیدیا۔تفصیلات کے مطابق جمعرات کو اسلام آباد ہائیکورٹ بار روم میں منعقدہ پریس کانفرنس میں اسلام آباد بار کونسل کے وائس چیئرمین عادل عزیز قاضی ، ممبر علیم عباسی ، اسلام آباد ہائیکورٹ بار کے صدر ریاست علی آزاد ، سیکرٹری شفقت عباس تارڑ ، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر، سیکرٹری حسن جاوید سورش اور دیگر سینئر وکلا نے شرکت کی۔