بھارت اقلیتوں اور عبادت گاہوں کو کچلنے والا ملک ہے، امریکی کمیشن

04 اکتوبر ، 2024

واشنگٹن (اے پی پی) امریکی کمیشن برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی (یو ایس سی آئی آر ایف)نے بھارت میں مذہبی آزادی کی مسلسل ابتر صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت اقلیتوں اور عبادت گاہوں کو کچلنے والا ملک ہے، امریکی کمیشن نے محکمہ خارجہ پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت کو ”خصوصی تشویش کا حامل ملک“ قرار دے،یو ایس سی آئی آر ایف نے 2024 کی اپنی سالانہ رپورٹ میں عام انتخابات کے دوران سرکردہ حکومتی رہنماو ں کی اشتعال انگیز بیان بازی کا حوالہ دیا ہے جس سے مسلمانوں اور عیسائیوں پر حملوں میں اضافہ ہوا۔رپورٹ میں کہا گیا کہ رواں برس جنوری سے مارچ تک عیسائیوں کے خلاف تشدد کے 161 واقعات رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں سے 47 ریاست چھتیس گڑھ میں پیش آئے۔ اتر پردیش میں جون اور جولائی میں 20 عیسائیوں کو جبری تبدیلی مذہب کے الزام میں حراست میں لیا گیا۔ انتخابی نتائج کے بعد مسلمانوں کو نشانہ بنائے جانے کے کم ازکم 28 واقعات درج ہوئے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ عام انتخابات کے دوران سیاسی عہدیداروں نے مسلمانوں اور دیگر مذہبی اقلیتوں کے خلاف نفرت انگیز تقاریر اور امتیازی بیانات میں تیزی لائی۔