سرجانی ٹاؤن، بے رحم ڈاکوؤں نے مزاحمت پر بھائی کے سامنے بھائی کو قتل کردیا

04 اکتوبر ، 2024

کراچی( اسٹاف رپورٹر )شہر میں ڈاکوؤں نے ایک اور نوجوان کی جان لے لی،سرجانی ٹاؤن میں بے رحم ڈاکوؤں نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر بھائی کے سامنے بھائی کو قتل کردیا۔تفصیلات کے مطابق سرجانی ٹاؤن تھانے کی حدود سرجانی لیاری 36 بی ماشاءاللہ مارکیٹ کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت کرنے پر 25 سالہ فیصل ولد غلام شبیر کو زخمی کر دیا اور فرار ہو گئے،زخمی نوجوان کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دوران علاج وہ چل بسا۔مقتول کے بھائی نے بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ دوران ڈکیتی مزاحمت پر پیش آیا ۔اس نے بتایا کہ ہم دونوں بھائیوں سے مذکورہ مقام پر موٹر سائیکل سوار دو ملزمان نے واردات کی۔مقتول کے بھائی کے مطابق ملزمان نے اسلحہ کے زور پر ہم دونوں بھائیوں سے نقد رقم اور موبائل فون چھینے۔ملزمان موٹر سائیکل چھیننے لگے تو میرے چھوٹے بھائی فیصل نے ملزمان سے کہا کہ یہ ہماری سواری ہے اسے چھوڑ دو جس پر ملزمان نے فائرنگ کی اور فرار ہو گئے ۔مقتول کے بھائی نے بتایا کہ میں فیکٹری میں کام کرتا ہوں اور تنخواہ لیکر بھائی کے ساتھ گھر جا رہا تھا ۔ہم سے ایک ہفتہ قبل بھی موبائل فون اور نقد رقم چھینی گئی تھی۔مقتول کے والد کے مطابق ملزمان نے دونوں بھائیوں سے 80 ہزار روپے نقد رقم لوٹی ۔والد کا کہنا تھا کہ مقتول فیصل اپنے بھائی کو جو فیکٹری سے کام کر کے واپس آ رہا تھا لینے کے لیے موٹر سائیکل پر گیا تھا۔جیسے ہی دونوں بھائی موٹر سائیکل پر بیٹھے تو ملزمان آ گئے۔علاقے میں لوٹ مار کی وارداتیں روز کا معمول ہیں۔انہوں نے بتایا کہ خدا کی چوکی پولیس چوکی کے انچارج کے خلاف کارروائی کی جائے۔انہوں نے بتایا کہ میرے پانچ بیٹے اور تین بیٹیاں ہیں ،مقتول فیصل دوسرے نمبر پر تھا۔ فیصل گریجویشن کر رہا تھا اور باہر جانے کا خواہشمند تھا۔ان دنوں وہ ایک بیکری میں کام کر رہا تھا۔مقتول کا آبائی تعلق علی پور پنجاب سے تھا۔مقتول کی نماز جنازہ بعد نماز عصر مقامی مسجد میں ادا کی گئی جس کے بعد لواحقین تدفین کے لیے لاش لے کر آبائی علاقے روانہ ہوگئے گئے۔مقتول سرجانی تیسر ٹاؤن کا رہائشی تھا۔مقتول کے دوستوں کا کہنا ہے کوئی محفوظ نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ فیصل کی موت کا یقین نہیں آرہا۔رواں برس ڈکیتی مزاحمت پر جاں بحق افراد کی تعداد 95 ہو گئی ہے۔دوسری جانب ایس ایس پی ویسٹ طارق الہی مستوئی کا کہنا ہے کہ واقعہ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کےلئے ٹیم تشکیل دی ہے۔ٹیکنیکل سپورٹ کی مدد سے بھی ملزمان تک پہنچنے کی کوشش کررہے ہیں۔مقتول نوجوان فیصل کے لواحقین سے بھی رابطے میں ہیں۔ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق لواحقین کی مشاورت سے واقعہ کا مقدمہ درج کیا جائے گا اور جلد قاتلوں کو گرفتار کیا جائے گا۔ طارق الہی مستوئی نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق واقعہ ڈکیتی مزاحمت پر پیش آیا تاہم دیگر پہلوؤں سے بھی واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں۔