ارشد شریف کی شہادت کا کس کو فائدہ، ڈھونڈنا ضروری ،فیصل واوڈا

04 اکتوبر ، 2024

کراچی ( ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ’’کیپٹل ٹاک‘’میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ اپنے اقتدار کے لئے پی ٹی آئی لاشیں گرانا چاہتی ہے فیصل واؤڈا نے کہا ارشد شریف کی شہادت کے پیچھے محرکات کیا تھے کس کو فائدہ ہونا تھا اور کیا ہونا تھا اس کو ڈھونڈنا ضروری ہے ،رہنما پاکستان تحریک انصاف زین قریشی کا کہنا تھا کہ اگر حکومت اپنا بل موخر کردیتی ہیں 26 ویں آئینی ترمیم کو 23اکتوبر سے آگے لے جانے کا اعلان کردیتی ہے تو میں اپنی پارٹی کے پاس جاکر کہوں گا کہ وہ کل کے احتجاج کو موخر کردیں میزبان حامد میر نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہاکہ سپریم کورٹ کا فیصلہ غیر متوقع نہیں ہےکیا یہ کہنا درست نہیں ہوگا کہ آج کے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ہارس ٹریڈنگ کا راستہ کھل گیا ہے۔ سینیٹر فیصل واوڈا نے کہاکہ اچھی خبریں کل یا پرسوں سے آنا شروع ہوجائیں گی ۔پاکستان میں سب کچھ اچھا کرکے ایس آئی ایف سی دے رہی ہے فوج قربانیاں بھی دیتی ہیں پولیس قربانیاں بھی دیتی ہیں اور فرنٹ پر گولی بھی کھاتی ہے اور ہم سب سے زیادہ انگلیاں بھی اسی پر اٹھاتے ہیں جو حقائق ہیں وہ ہم جانتے ہیں لیکن ان کا سامنا کرنے سے شرماتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہاکہ ابھی جو مسئلہ ہے وہ 4اکتوبر اسلام آباد ڈی چوک کا دھرنا کیونکہ اس دن پی ٹی آئی لاشیں گرانے ڈی چوک آرہی ہے جب کہ ان کو پتہ ہے کہ یہ جگہ ریڈ لائن ہے لیکن پھر بھی وہ ادھر ہی آنا چاہیں تو تنازع تو جنم لے گا اور جب تنازع ہوگا تو پھر کوئی بھی محفوظ نہیں رہتا اور اس کا فائدہ دشمن ملک اٹھاتا ہے ۔