اڈیالہ جیل کے ڈپٹی اور اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ سمیت 4 اہلکار نوکری سے فارغ

04 اکتوبر ، 2024

راولپنڈی،لاہور(جنگ نیوز) حکومت پنجاب نے اڈیالہ جیل راولپلنڈی کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم اور اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ ریاض خان سمیت 4 اہلکاروں کو نوکری سے برطرف کر دیا۔ قیدی کے قتل کی انکوائری میں قصور ثابت ہونے پر اہلکاروں کو برطرف کیا گیا،محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے اڈیالہ جیل کے افسران اور اہلکاروں کی نوکری سے برطرفی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ قیدی کے قتل کی انکوائری میں قصور ثابت ہونے پر اہلکاروں کو برطرف کیا گیا، اڈیالہ جیل کے ذہنی مریضوں کے سیل میں 29 فروری کو قیدی کے قتل پر انکوائری جاری تھی، آئی جی جیل خانہ جات پنجاب نے قتل کے واقعہ پرانکوائری کا حکم دے رکھاتھا۔نوٹیفکیشن کے مطابق انکوائری میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم سمیت 7 ملازمین کو قصوروار قرار دیا گیا تھا، انکوائری 7 میں سے 4اہلکاروں کو نوکری سے فارغ کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔